اسلام آباد کو شکست دے کر پشاور کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 15 مارچ 2019
میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا، فوٹو: پی سی بی

میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا، فوٹو: پی سی بی

 کراچی: پی ایس ایل کے ایلیمنیٹر 2 میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔

دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا پی ایس ایل فور میں سفرتمام ہوگیا اوراس فتح کے ساتھ ہی زلمی اب اتوار کوکوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹائٹل کی جنگ لڑے گی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے 215 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور والٹن کے سوا کوئی بلے باز زیادہ مزاحمت نہ دکھا سکا، یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 166 رنز ہی بنا سکی، رونکی 17، ڈیلپورٹ 28، ہیلز 1، آصف علی صفر، حسین طلعت 19، فہیم اشرف 31، شاداب خان صفر اور محمد سمیع 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ رومان رئیس 2 اور محمد موسیٰ 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

زلمی کی جانب سے حسن علی اور جورڈن نے 3،3 ، ملز، وہاب ریاض اور پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے زلمی کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور امام الحق نے شاندارآغاز فراہم کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں اور برق رفتاری سے رنز میں اضافہ کرتے ہوئے 135 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، کامران اکمل نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے جب کہ امام الحق نے 2 چھکے اور 7 چوکے لگا کر 58 رنز کی باری کھیلی۔

https://twitter.com/_cricingif/status/1106561535655243776

جارح مزاج پولارڈ نے بھی لاٹھی چارج کیا اور 21 گیندوں پر 37 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا، صہیب مقصود 4 اور وہاب ریاض ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان ڈیرن سیمی 30 اور جورڈن بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیلپورٹ نے 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

https://twitter.com/_cricingif/status/1106575928048697345

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔