ممبئی حملہ کیس، بھارت نے کمیشن کو دورے کی اجازت دیدی

قیصر شیرازی  بدھ 7 اگست 2013
بھارتی مجسٹریٹ چیئرمین نامزد،کمیشن ستمبرمیں بھارت جائیگا،چوہدری اظہر. فوٹو: فائل

بھارتی مجسٹریٹ چیئرمین نامزد،کمیشن ستمبرمیں بھارت جائیگا،چوہدری اظہر. فوٹو: فائل

راولپنڈي:  ممبئی حملہ کیس میں نئی پیش رفت ہوئی ہے،بھارتی حکومت نے پاکستانی عدالتی کمیشن کوممبئی آنے کی اجازت دے دی ہے۔

ممبئی حملہ سازش کیس میں سینئر سرکاری پراسیکیوٹرچوہدری اظہرعلی عدالتی کمیشن کے لیے عیدالفطرکے فوری بعد 15اگست کو انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمٰن کی عدالت میں باقاعدہ درخواست دائر کریں گے جس میں عدالتی کمیشن کی ممبئی روانگی کی تاریخ مقررکرنے کی استدعاکی جائے گی۔ذرائع کے بعد9رکنی عدالتی کمیشن ستمبرکے پہلے ہفتے میں بھارت جائے گا۔ عدالتی کمیشن کے دسویں ممبر ممبئی کے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ اے آرخان بطورچیئرمین نامزد کردیے گئے ہیں۔

پاکستانی عدالتی کمیشن کے ارکان میں چوہدری اظہرعلی، خواجہ حارث، ریاض چیمہ، اعصام حارث، خضرحیات، احسان ستی، آزادخان اور عدالتی اہلکارعبدالحمیدشامل ہوں گے۔ عدالتی کمیشن اس مقدمے کے4اہم ترین بھارتی گواہان مجسٹریٹ مسزآر ویسووند بگولے، تفتیشی آفیسرایس پی رمیش مہالے، ڈاکٹرگنیش، ڈاکٹرسالیش کے بیانات پران سے جرح کریگا۔ عدالتی کمیشن کادورہ 3سے 7دن کا ہوگا۔ کمیشن واپسی پررپورٹ انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کرے گا۔ سرکاری پراسیکیوٹرچوہدری اظہرنے عدالتی کمیشن کے بھارت جانے کی تصدیق کردی ہے۔ بھارت نے عدالتی کمیشن کے اس دورے کی تمام تیاریاںمکمل کرلی ہیں اور جرح کے لیے چاروںگواہان کوبھی پابند بنادیا گیاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔