بلوچستان دہشت گردوں کے نشانے پر

ایڈیٹوریل  ہفتہ 16 مارچ 2019
بلوچستان کے عوام نڈر، بہادر اور جری ہیں اور مادر وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے انھوں نے کبھی دریغ نہیں کیا ہے۔ فوٹو: فائل

بلوچستان کے عوام نڈر، بہادر اور جری ہیں اور مادر وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے انھوں نے کبھی دریغ نہیں کیا ہے۔ فوٹو: فائل

بلوچستان پر دشمنوں کی بری نظر ہے، جس کی وجہ سے صوبے میں مکمل طور پر بد امنی پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے، دہشت گرد کوئی نہ کوئی بزدلانہ حرکت کرتے ہیں ، تازہ ترین واقعہ ضلع پنجگور میں پیش آیا۔ جہاں  بھرے بازار میں دوپہرکے وقت،بم دھماکے کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق جب کہ گیارہ زخمی ہوگئے، دھماکے سے سات گاڑیاں اور 3 موٹرسائیکلیں جل کر تباہ ہوگئیں ، قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ واقعے کے وقت گیراج اور اس کے اطراف میں لوگوں کا رش تھا ۔

آگ بھڑکنے سے وہاں موجود افراد کو بھاگنے کا موقع نہیں ملا، دھماکا موٹر سائیکل پر نصب 2 سے 3 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا ۔ اس بزدلانہ کارروائی کی ٹائمنگ ملاحظہ کیجیے، دہشتگردوں نے ایک ایسی جگہ کا انتخاب کیا جہاں زیادہ سے زیادہ عوام کا جانی اور مالی نقصان ہو۔ دراصل قانون نافذکرنیوالے اداروں نے دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے اور ان کے لیے راہ فرارکے راستے محدود ہوتے جا رہے ہیں، لہٰذا اب وہ ’’ ہٹ اینڈ رن‘‘ کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں اور ایسی غیرانسانی کارروائیاں کرتے ہیں ۔

قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ میں سی پیک منصوبہ اورگوادر کی بندرگاہ فنکشنل ہونے کے بعد عوام کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھلنے والی ہیں، لیکن یہ بات ہمارے پڑوسی اور چند عالمی قوتوں کو ہضم نہیں ہو پا رہی ہے لہٰذا انھوں نے قدم قدم پر سازشوں کے جال بچھا دیے ہیں ۔

اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے کیونکہ یہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہے، صوبائی حکومت کی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ زخمیوں کو بہتر طبی امداد اور دیگر سہولتیں بہم پہنچائے اور شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا جائے ۔ سیکیورٹی کے معاملات میں جہاں خامیاں ہیں انھیں دورکرنے کے لیے ایک ایسا میکنزم بنایا جائے جو دہشتگردوں کے لیے توڑنا آسان نہ ہو ۔ اول وآخر ذمے داری عوام کے جان ومال کی صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بنتی ہے ۔

بلوچستان کے عوام نڈر، بہادر اور جری ہیں اور مادر وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے انھوں نے کبھی دریغ نہیں کیا ہے ان کی یہ قربانیاں ضرور رنگ لائیں، وہ وقت دور نہیںجب بلوچستان میں دہشتگردوں کو شکست فاش ہوگی ، صوبے اور عوام کی ترقی وخوشحالی کا نیا سورج طلوع ہوگا ۔ بلوچستان کے عوام آزمائش کی اس گھڑی میں سرخرو ہوئے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔