سپریم کورٹ کالا باغ ڈیم کے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل کروائے، بابراعوان

آئی این پی  بدھ 7 اگست 2013
سپریم کورٹ تک ہزاروں یا لاکھوں نہیں کروڑوں مقدمات ایسے ہیں جن کی آج تک سماعت ہی نہیں ہوسکی, بابراعوان  فوٹو: ایکسپریس/فائل

سپریم کورٹ تک ہزاروں یا لاکھوں نہیں کروڑوں مقدمات ایسے ہیں جن کی آج تک سماعت ہی نہیں ہوسکی, بابراعوان فوٹو: ایکسپریس/فائل

لاہور:  پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو پسند اور ناپسند کی بجائے تمام کیسز کو سننا چاہیے۔

اگر عدالتی فیصلوں پر عمل کروانا ہے تو کالا باغ ڈیم کے بارے ہائیکورٹ کے فیصلے پر بھی عمل ہونا چاہیے، توہین عدالت کا قانون اور اس کو استعمال کرنے کا طریقہ کار سمجھ سے بالاتر ہے، ایک انٹرویو کے دوران ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ ماتحت عدلیہ سے لیکر سپریم کورٹ تک ہزاروں یا لاکھوں نہیں کروڑوں مقدمات ایسے ہیں جن کی آج تک سماعت ہی نہیں ہوسکی اور وہ ماضی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن اور دیگر معاملات پر سپریم کورٹ کو ضرور کارروائی کرنی چاہیے لیکن سیاسی سے زیادہ عوام کے مقدمات کو ترجیح دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے کافی عرصہ پہلے فیصلہ سنایا لیکن آج تک اس پر عمل نہیں ہو سکا ‘ عدالت کو چاہیے کہ وہ اس کا بھی نوٹس لے اور کالا باغ ڈیم کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر مکمل عملدرآمدکروایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔