کراچی کنگز کی محرومیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 16 مارچ 2019
پی ایس ایل کے چاروں ایڈیشنز میں فائنل کھیلنے کی حسرت ہی رہ گئی۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل کے چاروں ایڈیشنز میں فائنل کھیلنے کی حسرت ہی رہ گئی۔ فوٹو: فائل

 لاہور: کراچی کنگز کی محرومیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا اور پی ایس ایل کے چاروں ایڈیشنز میں فائنل کھیلنے کی حسرت رہ گئی۔

پی ایس ایل ونکے لیگ مرحلے میں کراچی کنگز کے صرف 4پوائنٹس تھے، اس کے باوجود لاہور قلندر سے بہتر نیٹ رن ریٹ کی بدولت چوتھی پوزیشن کے ساتھ پلے آف کھیلنے کا موقع ملا جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے111 رنز تک محدود رکھتے ہوئے باآسانی 9 وکٹ سے فتح حاصل کی۔

دوسرے سیزن میں کراچی کنگزکی ٹیم قدرے بہتر کارکردگی پیش کرتے ہوئے لیگ مرحلے میں 8پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، ایلیمنیٹر ون میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف 124رنز بنانے کے باوجود 44 رنز سے فتح ملی۔

ایلیمنیٹر ٹو میں پشاور زلمی نے 181 رنز بنانے کے بعد 24 رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔ گزشتہ سال کراچی کنگز لیگ مرحلے میں مزید بہتر کارکردگی پیش کرتے ہوئے 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، اس بار کوالیفائر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 155 کا ہدف صرف 2وکٹ پر 12.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔

فائنل تک رسائی کا دوسرا موقع ایلیمنیٹر ٹو میں تھا، لاہور میں بارش کی وجہ سے ہونیوالے 16 اوورز کے اس میچ میں پشاور زلمی نے 170 کا مجموعہ حاصل کرنے کے بعد اسے 157 تک محدود رکھا۔ رواں سال کراچی کنگز نے لیگ مرحلے میں 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر کی ٹیم کے طور پر پلے آف میچ کھیلنے کا حق حاصل کیا۔

اس بار ایلیمنیٹر ون میچ میں برق رفتار آغاز کے باوجود عماد وسیم الیون 9 وکٹ پر161 رنز بنا سکی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف 6وکٹ پر آخری اوور میں حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم اور شائقین دونوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، لاہور قلندرزکی ٹیم گزشتہ 4ایڈیشنز میں ایک بار بھی پلے آف مرحلے تک نہیں پہنچ پائی تو دوسری جانب کراچی کنگز مواقع ملنے کے باوجود فائنل تک رسائی سے محروم رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔