وزیر اعظم کا نئی ایوی ایشن پالیسی کے مسودے پر اظہار اطمینان

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 16 مارچ 2019
کاروبارکی لاگت میں کمی، آسانی، سیاحت کا فروغ، سہولتوں میں بہتری اہم مقاصد ہیں، بریفنگ۔ فوٹو:فائل

کاروبارکی لاگت میں کمی، آسانی، سیاحت کا فروغ، سہولتوں میں بہتری اہم مقاصد ہیں، بریفنگ۔ فوٹو:فائل

 کراچی:  وزیراعظم عمران خان نے نئی ایوی ایشن پالیسی 2019کے مسودے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن شاہ رخ نصرت کو ہدایت کی ہے کہ مسودہ وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔

سیکریٹری ایوی ایشن نے وزیراعظم کے دفتر میں نئی ایوی ایشن پالیسی پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی اور مسودے کے ان نمایاں نکات پر روشنی ڈالی جو اسے پرانی پالیسی سے بہتر ثابت کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر ہوا بازی محمد میاں سومرو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم سیکریٹریٹ، ایوی ایشن ڈویژن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلیٰ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

سیکریٹری ایوی ایشن نے بتایا کہ موجودہ پالیسی کے جائزے، سی اے اے چارجز کو معقول بنانے اور مجموعی طور پر ایوی ایشن کے شعبے کو سہولت دینے کے لیے نئی پالیسی بنائی گئی ہے۔ شہری ہوابازی کے شعبے کی پالیسی سازی کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ نئی ایوی ایشن پالیسی کی تیاری میں تمام متعلقہ اداروں کو ہر مرحلے میں شامل رکھا گیا اور ان کی قیمتی تجاویز کو وقتاً فوقتاً مسودے میں شامل کیا جاتا رہا۔ طویل مشاورت کے نتیجے میں پالیسی کا مسودہ ہر پہلو سے ایک متفقہ دستاویز بن چکا ہے۔

نئی ایوی ایشن پالیسی کے مقاصد کا احاطہ کرتے ہوئے شاہ رخ نصرت نے کہا کہ کاروبارکی لاگت میں کمی، کاروبار کرنے میں آسانی، سیاحت کا فروغ، سہولتوں میں بہتری اور ایوی ایشن کے شعبے میں مزید نمو مجوزہ پالیسی کے اہم مقاصد ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔