نوازشریف کو کچھ ہوا تو تمام ذمہ داری عمران خان نیازی پر ہوگی، شہباز شریف

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 مارچ 2019

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر نوازشریف کو کچھ ہوا تو تمام ذمہ داری عمران خان نیازی پر ہوگی۔

لاہور میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی 5 سال قبل اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے، اس کے علاوہ وہ بلڈ پریشر اور ذیابیطس کے مریض بھی ہیں۔ جیل میں ان کی طبیعت ٹھیک نہیں، حکومت نواز شریف کی صحت کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اور حکومت بدترین غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے۔اگر نوازشریف کو کچھ ہوا تو تمام ذمہ داری عمران خان نیازی پر ہوگی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعلی کے لئے جو مراعات منظور کی ہیں، وہ سمجھ سے باہر ہیں۔ اپنی وزارت اعلیٰ کے 10 سال میں ایک دن بھی تنخواہ نہیں لی، میں نے نہ تو سرکاری مراعات لیں اور نا ہی سرکاری دورے کئے، اپنا خرچہ خود اٹھایا، بطور وزیراعلیٰ علاج کے لیے کسی قسم کی سرکاری مراعات نہیں لی تھیں اور طبی اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے تھے۔ 10 سال اپنی ذاتی گاڑی استعمال کرتا رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔