آصف زرداری نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی اسلام آباد منتقلی کا فیصلہ چیلنج کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 مارچ 2019
کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا تھا فوٹو: فائل

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا تھا فوٹو: فائل

 کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی اسلام آباد منتقلی سے متعلق بینکنگ کورٹ کا فیصلہ سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں انہوں نے بینکنگ کورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بینکنگ کورٹ کی جانب سے میگا منی لانڈرنگ کیس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جو کہ غیر قانونی ہیں۔ اس لئے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، اس کے علاوہ نیب نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو 20 مارچ کو طلب کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔