صدر ٹرمپ نے ایمرجنسی کے نفاذ کیخلاف قرارداد ویٹو کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 مارچ 2019
صدر ٹرمپ  کے کانگریس کے فیصلے کو ویٹو کرنے سے ملک میں ایمرجنسی برقرار رہے گی۔ فوٹو : فائل

صدر ٹرمپ کے کانگریس کے فیصلے کو ویٹو کرنے سے ملک میں ایمرجنسی برقرار رہے گی۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایمرجنسی کے نفاذ کو مسترد کرنے کے کانگریس کے فیصلے کو ویٹو کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور صدارت میں پہلی بار اپنی ویٹو پاور کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف منظور کردہ قرار داد کو ویٹو کردیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کانگریس نے ایمرجنسی کے خلاف قرارداد منظور کر کے امریکیوں کو خطرے میں ڈال دیا تھا لہذا قوم کے مفادات کی حفاظت کی خاطر میں نے اپنا اولین فرض نبھاتے ہوئے قرارداد ویٹو کی ہے۔ کانگریس قرار داد منظور کرنے میں آزاد ہے اور میرا فرض اسے ویٹو کرنا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر حفاظتی دیوار کی تعمیر کے لیے کانگریس کی جانب سے من چاہے فنڈز کے اجراء کی منظوری نہ دینے پر ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی جس کی مخالفت کرتے ہوئے امریکی کانگریس نے ایمرجنسی ختم کرنے کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرالیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکا میں وسط مدتی الیکشن کے بعد امریکی کانگریس میں اپوزیشن جماعت کی اکثریت ہوجانے کے بعد صدر ٹرمپ کو اپنے متنازعہ اقدامات کو آئین کا سہارا دینے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی تازہ مثال میکسیکو دیوار کی تعمیر ہے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔