پی ایس ایل 4 کے چند جذباتی اور یادگار لمحات

زنیرہ ضیاء  اتوار 17 مارچ 2019
پشاور زلمی کے کھلاڑی ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر حاضری کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ فوٹوسوشل میڈیا

پشاور زلمی کے کھلاڑی ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر حاضری کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ فوٹوسوشل میڈیا

 کراچی: پی ایس ایل پاکستان میں صرف کرکٹ لیگ کا نہیں بلکہ ایک قومی ایونٹ کا درجہ اختیار کرچکا ہے جسے پورا پاکستان نہایت جوش اور جذبے کے ساتھ مناتا ہے۔

پی ایس ایل کے 3 ایونٹ ہوچکے ہیں اور چوتھا جاری ہے تاہم اس بار خاص بات یہ ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل سمیت 8 میچ اس بار پاکستان خصوصاً شائقین کرکٹ کے شہر کراچی میں منعقد ہورہے ہیں جس نے کرکٹ کے دیوانوں کا جوش مزید بڑھادیاہے۔ پی ایس ایل کے لیے قومی کھلاڑیوں کے ساتھ بین الاقوامی کھلاڑی بھی پاکستان آئے ہیں جس سے نا صرف پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر کے سامنے آیا ہے بلکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کا جوش بھی قابل دید ہے۔

یہاں پی ایس ایل کے دوران ہونے والے چند جذباتی اور یادگاری لمحات کی جھلکیاں پیش کی جارہی ہیں جو یقیناً تمام شائقین کو بے حد پسند آئیں گی۔

ڈیرن سیمی کی مزار قائد پر حاضری

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی مزار قائد پر حاضری نے تمام پاکستانیوں کے دل جیت لیے ڈیرن سیمی اس موقع پر سفید رنگ کی شلوار قمیض میں نظر آئے جب کہ انہوں نے پاکستانی جھنڈا بھی لہرایا۔

انہوں نے مزار قائد پر حاضری کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔

صرف یہی نہیں بلکہ ڈیرن سیمی نے گورنر ہاؤس سندھ میں کلین اینڈ گرین مہم کا حصہ بنتے ہوئے پودا لگایا اور وہاں موجود پودوں کو پانی بھی دیا۔

ڈی جے براوو کا گانا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈیوین براوو المعروف ڈی جے براوو کے گانے’’وی دی گلیڈی ایٹرز‘‘ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔ ان کے گانے نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے اوراب یہ گانا زبان زد عام ہوگیا ہے۔

https://twitter.com/TeamQuetta/status/1104665957094559745

شین واٹسن کا پاکستانیوں کیلئے محبت بھرا پیغام

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ایک اور کھلاڑی شین واٹسن نے اپنی آمد سے قبل ہی ٹوئٹر پیغام سے اپنے پاکستانی چاہنے والوں کے دل جیت لیے تھے  جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ میں 14 برس بعد پاکستان جارہوں، پاکستان ایسی جگہ ہے جہاں کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ بستے ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان آمد پر انہیں بلوچی ثقافتی پگڑی پہنائے جانے کی ویڈیو کو بھی سوشل میڈیا پر بہت سراہا گیا۔

رانا فواد کا جذباتی انداز

لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد کی ٹیم یوں تو گزشتہ چار سالوں سے ایونٹ سے بغیر جیتے باہر ہورہی ہے، تاہم رانا فواد نے پاکستانیوں کے دل میں جگہ بنالی ہے۔ اس بار  بھی پی ایس ایل 4 سے لاہور قلندرز کے باہر ہونے کے بعد رانا فواد جذباتی ہوگئے اور آنسو بھری آنکھوں سے اپنا دکھ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل ٹوٹ گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے زندہ دلان لاہور سے معافی بھی مانگی کہ وہ اس  بار بھی امیدوں پر پورا نہیں اترسکے اوران کی ٹیم ایک بار پھر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔