انسٹاگرام کے صارفین بھی جلد ’گیمنگ پلیٹ فارم‘ سے محظوظ ہوسکیں گے

ویب ڈیسک  اتوار 17 مارچ 2019
انسٹاگرام اسنیپ چیٹ کی طرز پر گیمنگ پلیٹ فارم لانچ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ فوٹو : فائل

انسٹاگرام اسنیپ چیٹ کی طرز پر گیمنگ پلیٹ فارم لانچ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ فوٹو : فائل

سان فرانسسكو: سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام اپنے صارفین کے لیے اسنیپ چیٹ کی طرز کا گیمنگ پلیٹ فارم متعارف کرانے کے لیے تیاری کر رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پیغامات، تصاویر، ویڈیوز اور فائلیں بھیجنے کے ساتھ ساتھ صارفین کی دلچسپی کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف گیمز کھیلنے کی پیشکش بھی کرتے ہیں، جسے نوجوانوں میں کافی پسند کیا جاتا ہے۔

ایک ریسرچ کے مطابق نوجوانوں میں تیزی سے مقبول پاتی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام ہے جس نے اپنی مقبولیت میں فیس بک اور واٹس ایپ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، انسٹاگرام نے اپنی مقبولیت کو دوام بخشنے کے لیے اسنیپ چیٹ کی طرز کے گیمنگ پلیٹ فارم لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انسٹاگرام ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے گیمنگ پلیٹ فارم کے لیے اقدامات کو آخری شکل دی جا رہی ہے اور ممکن ہے ایک سے دو ماہ میں یہ صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔ یہ گیمنگ پلیٹ فارم اسنیپ چیٹ کے گیمز کی طرح ہوں گے۔

دوسری جانب اسنیپ چیٹ نے بھی اپنے گزشتہ برس کے گیمنگ پلیٹ فارم کی مقبولیت کے بعد ایک اور نئے گیمنگ پلیٹ فارم لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ انسٹاگرام کا گیمنگ پلیٹ فارم اسنیپ چیٹ کی ہی کاپی ہوگا، تاہم اس کی تصدیق اسی وقت ممکن ہے جب یہ پلیٹ فارم لانچ کیا جائے گا۔

دیکھنا یہ ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس اپنی اپنی برتری کو برقرار رکھنے کے لیے ایک ہی پلیٹ فارم سے گیمنگ زون کو ایک کامیاب ہتھیار کے طور پر اپنی اپنی انفرادیت کو برقرار رکھتے ہوئے کس طرح استعمال کرپاتی ہیں۔ صارفین کو بھی اس نئی تبدیلی کا بے چینی سے انتظار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔