عمران خان سیاسی میدان میں ہمارامقابلہ نہیں کرسکتے، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 مارچ 2019
عمران خان اسمبلی میں میرے آنے سے خوف زدہ تھے، بلاول بھٹو (فوٹو: فائل)

عمران خان اسمبلی میں میرے آنے سے خوف زدہ تھے، بلاول بھٹو (فوٹو: فائل)

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان سیاسی میدان میں ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے اسی لیے وہ اسمبلی میں میرے آنے سے خوف زدہ تھے۔

سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت میں 3 وزرا کے کالعدم تنظیموں سے گٹھ جوڑ ہیں، عمران خان نے بھی الیکشن مہم میں عوام کو اعتماد میں نہیں لیا بلکہ کالعدم تنظیموں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا۔

بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی میدان میں ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے، لیاری اور مالاکنڈ سے ہمیں جیسے ہروایا گیا وہ ہم خوب جانتے ہیں، یہ تو مجھے بھی اسمبلی میں نہیں دیکھنا چاہتے اور اسمبلی میں میرے آنے سے خوف زدہ تھے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم صرف اپوزیشن کے خلاف ایکشن لے سکتے ہیں، الیکشن مہم کے دوران 3 بار منتخب وزیراعظم اور ان کی بیٹی کو گرفتار کراتے ہیں، آصف زرداری کو آپ ایک فون کال پر سزا دلواتے ہیں، آغا سراج درانی اسپیکر ہیں اُن کو آپ گرفتار کرتے ہیں اور ان کے  گھر میں چادر اور چار دیواری کو پامال کرتے ہیں لیکن ایسے ایکشن کالعدم تنظیموں کے خلاف نہیں لے سکتے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت سے ہمارے 3 مطالبات ہیں، پارلیمنٹ کی مشترکہ قومی سلامتی کمیٹی بنائی جائے، نیب پر عمل ہو اور کالعدم تنظیموں سے خود کو الگ کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔