آئی ایم ایف سے مذاکرات رواں ماہ میں ہونے کی توقع

ارشاد انصاری  اتوار 17 مارچ 2019
توقع ہے جائزہ مشن سے مذاکرات میں آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام فائنل ہوجائے گا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

توقع ہے جائزہ مشن سے مذاکرات میں آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام فائنل ہوجائے گا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 12 ارب ڈالر کے پروگرام سے متعلق حتمی مذاکرات رواں ماہ کے آخری ہفتے شروع ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جائزہ مشن برائے پاکستان کے نئے سربراہ ارنیسٹو رامریز ریگو کی سربراہی میں وفد 26 مارچ کو پاکستان آئے گا جس میں آئی ایم ایف کے ساتھ آئندہ ماہ کے پہلے عشرے میں پروگرام فائنل ہونے کی توقع ہے۔

آئی ایف جائزہ مشن سے تکنیکی سطع کے مذاکرات نئے تعینات ہونے والے سیکریٹری خزانہ کی سربراہی میں ہوں گے کیونکہ موجودہ سیکریٹری خزانہ عارف احمد ریٹائر ہورہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام کے لیے شرائط پر کامیابی سے عمل درآمد جاری ہے اور عالمی ادارے کے ساتھ پائے جانے تحفظات کم ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام پر معاملات حتمی  اور فیصلہ کن مرحلے میں ہیں اور توقع ہے رواں ماہ کے آخری ہفتے شروع ہونے والے جائزہ مشن سے مذاکرات میں آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام فائنل ہوجائے گا۔

آئی ایم ایف کے نئے چیف مشن کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مذاکرات کے حالیہ چند راؤنڈز میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور آئی ایم ایف نے پاکستان کو نیا پروگرام دینے کے لیے لچک دکھائی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔