پاکستان 2025 تک بھارت کا حصہ بن جائے گا، ہندو انتہا پسند رہنما کی ہرزہ سرائی

ویب ڈیسک  اتوار 17 مارچ 2019
انتہا پسند ہندو رہنما بھارت کے مسلمان اداکاروں کو بھی دھمکیاں دینے میں ملوث رہے ہیں۔ فوٹو : فائل

انتہا پسند ہندو رہنما بھارت کے مسلمان اداکاروں کو بھی دھمکیاں دینے میں ملوث رہے ہیں۔ فوٹو : فائل

نئی دلی: ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کے سینیئر رہنما نے کہا ہے کہ 2025 تک پاکستان بھارت کا حصہ بن جائے گا جب کہ بنگلا دیش اور نیپال بھی اکھنڈ بھارت کا حصہ ہوں گے۔

بھارت میں اگلے ماہ سے ہونے والے انتخابات کے لیے ہندو رہنماؤں کے درمیان بے پرکی اڑانے اور کبھی نہ حاصل ہونے والے بلند و بانگ دعوؤں پر ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی جنگ جاری ہے۔ ایسی ڈرامہ بازیوں کے درمیان ہندو انتہا پسند جماعت راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کیسے پیچھے رہ سکتی ہے۔

بھارتی طیاروں کی رسوا کن کارکردگی نے ہندو رہنماؤں کے اوسان ہی خطا نہیں کردیئے بلکہ وہ بڑھکیں مارنے کے سوا کسی کام کے نہیں رہے ہیں۔ آر ایس ایس کے سینیئر رہنما اندریش کمار نے بڑھکیں مارنے میں مودی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ ‘آپ لکھ لیجیے، 5 یا 7 سال بعد کراچی، لاہور، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں کہیں بھی مکان خرید سکیں گے اور آپ کو تجارت کا بھی موقع حاصل ہوگا۔’

اندریش کمار نے دیوانے کی بڑ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ 1947 سے پہلے پاکستان نہیں تھا بلکہ ہندوستان کا حصہ تھا، اسی طرح 2025 کے بعد پاکستان دوبارہ ہندوستان کا حصہ ہونے والا ہے اور اکھنڈ بھارت میں پاکستان، بنگلا دیش اور نیپال بھی شامل ہوگا۔ آر ایس ایس ان ممالک کو وسیع تر ہندتوا کے پروجیکٹ کے حصے کے طور پر دیکھتی ہے جہاں مسلمان دوسرے درجے کے شہری کی حیثیت سے مقیم ہوں گے۔

بھارت میں انتخابی مہم کے دوران مسلمان مخالف جذبات بھڑکانے اور اپنی عوام کو جھوٹی تسلیاں دینے کے سوا کچھ نہیں بچا ہے۔ نفرت اور تعصب کی مجسم تصویر بنے ہندو رہنما اپنی زبانوں سے وہ زہر اگل رہے ہیں جس سے خود ان کا دامن محفوظ نہیں رہے گا اور ایسے دعوے کر رہے ہیں جن کا پورا ہونے کا خود انہیں یقین نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔