ہانیہ میری زندگی میں خوشگوار تبدیلیوں کا باعث ہے، عاصم اظہر

ویب ڈیسک  پير 18 مارچ 2019
جب بھی ہانیہ کے ساتھ ہوتا ہوں مجھے بہت اچھا محسوس ہوتا ہے، عاصم اظہر۔ فوٹو : فائل

جب بھی ہانیہ کے ساتھ ہوتا ہوں مجھے بہت اچھا محسوس ہوتا ہے، عاصم اظہر۔ فوٹو : فائل

 کراچی: گلوکار عاصم اظہر کا کہنا ہے کہ ہانیہ وہ انسان ہیں جو میری زندگی میں بہت سی خوشگوار اور مثبت چیزیں لاتی ہے۔

اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کے درمیان بڑھتی دوستی  گزشتہ کئی دنوں سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، بالخصوص فیشن پاکستان ویک میں ریمپ پر واک کے دوران دونوں کی خوبصورت کیمسٹری نے مداحوں کے دل جیت لیے۔ سوشل میڈیا پر بھی دونوں کی جوڑی کو خوب پسند کیاگیا۔

اس کے علاوہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر آج کل ہر جگہ ایک ساتھ نظر بھی آرہے ہیں، چاہے کسی دوست کی شادی ہو، سالگرہ کا دن ہو یا بیرون ملک کی سیر دونوں ایک ساتھ نظر آرہے ہیں، بالآخر عاصم اظہر نے ہانیہ عامر سے دوستی پر خاموشی توڑ ہی دی۔

ایک انٹرویو میں گلوکار عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر سے تعلق پر کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم اس سوال پر میرا دل بہت تیزی سے دھڑک رہا ہے، مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہانیہ وہ انسان ہے جو میرے لیے بہت سی مثبت چیزیں لاتی ہے، اور جب بھی ہانیہ کے ساتھ ہوتا ہوں مجھے بہت اچھا محسوس ہوتا ہے۔

گلوکار عاصم اظہر نے کہا کہ کسی ایسے انسان کا ساتھ ہونا جو ہر کام میں آپ کی حوصلہ افزائی کرے، یہ بہت اچھا احساس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ہانیہ کی بہت عزت کرتا ہوں اور خود سے ہانیہ سے دوستی کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔