مصنوعی بحران: شہر بھر میں سبزی فروشوں نے لوٹ مچا دی

بزنس رپورٹر  بدھ 7 اگست 2013
بارشوں کے سبب منڈی میں سبزی کی سپلائی قدرے متاثر ہوئی تاہم دو دنوں کے بعد سپلائی معمول پر واپس آگئی ہے۔ فوٹو: فائل

بارشوں کے سبب منڈی میں سبزی کی سپلائی قدرے متاثر ہوئی تاہم دو دنوں کے بعد سپلائی معمول پر واپس آگئی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی:  عید کی آمد پر عوام کو روایتی مہنگائی کا سامنا ہے، کنٹرولر جنرل آف پرائسز رمضان کی طرح عید کے موقع پر ہونیو الی مصنوعی مہنگائی روکنے میں بھی ناکام ہیں۔

شہر بھر میں سبزی فروشوں نے لوٹ مچادی، ٹماٹر کی قیمت 100روپے، پیاز کی قیمت 50روپے، بھنڈی 100 روپے، ادرک لہسن 160روپے کلو، لوکی توری ٹینڈے 60 روپے کلو، بیگن 40روپے کلو، پالک 40روپے کلو، دھنیے پودینے کی گڈی 10سے 12روپے فی عدد فروخت کی جارہی ہے، شہر بھر میں سبزی فروشوں نے عید کی آمد پر سبزیوں بالخصوص ہرے مصالحہ جات کی من مانی قیمت وصول کرنا شروع کردی ،بعض علاقوں میں 500گرام ٹماٹر 60روپے میں بھی فروخت کیا جارہا ہے، کھیرے کی قیمت 40 سے 50روپے کلو وصول کی جارہی ہے، لیموں کی قیمت 120روپے کلو تک پہنچ چکی ہے، سبزیوں کی قیمت میں اضافے کیلیے حالیہ بارشوں کو جواز بنایا جارہا ہے، سبزی منڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی میں سبزیاں شہر کے مقابلے میں 150فیصد کم قیمت پر فروخت کی جارہی ہیں، بارشوں کے سبب منڈی میں سبزی کی سپلائی قدرے متاثر ہوئی تاہم دو دنوں کے بعد سپلائی معمول پر واپس آگئی ہے، منڈی ذرائع کے مطابق پیاز کی فصل کو بارشوں سے نقصان پہنچا ہے۔

جس کی وجہ سے منڈی میں پیاز کی قیمت 1700روپے من یعنی 42.5روپے کلو فروخت کی گئی ، شہر میں پیاز کی قیمت 50روپے تک پہنچ گئی ہے، شہر کے سبزی فروشوں کے مطابق آئندہ دو روز میں پیاز کی قیمت میں مزید اضافہ متوقع ہے اور پیاز کی قیمت 70روپے کلو تک پہنچ سکتی ہے ، دریں اثنا پیاز کے تاجر اسلم پکھالی نے ایکسپریس کو بتایا کہ اس وقت بلوچستان کی پیاز مارکیٹ میں فروخت کی جارہی ہے سندھ میں پیاز کی بوائی ابھی کی گئی ہے تاہم بارشوں کے سبب کاشت کی جانے والی پیاز کو نقصان کا خطرہ ہے اگر سندھ میں مزید بارشیں ہوئیں تو سندھ کی پیاز کی فصل خراب ہوجائے گی ، اس سال بھارت میں بھی پیازکی قلت کا سامنا ہے، اس لیے سندھ کی فصل خراب ہونے کی صورت میں بھارت سے بھی پیاز درآمد کرکے طلب پوری نہیں کی جاسکتی ، اس لیے حکومت فوری طور پر سندھ میں پیاز کے کاشتکاروں کو سبسڈی پر پیاز کے بیج اور زرعی ان پٹس فراہم کرے تاکہ ملک میں پیاز کی ممکنہ قلت کا خاتمہ کیا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔