کراچی اسٹاک مارکیٹ نچلی قیمتوں پر قبل از عید خریداری،615پوائنٹس کا اضافہ

بزنس رپورٹر  جمعرات 8 اگست 2013
348 کمپنیوں میں سے273 کی قیمتوں میں اضافہ،مارکیٹ سرمایہ 1 کھرب 40ارب روپے بڑھ گیا، کاروباری حجم28فیصد زائد، 17 کروڑ52 لاکھ حصص کے سودے  فوٹو: فائل

348 کمپنیوں میں سے273 کی قیمتوں میں اضافہ،مارکیٹ سرمایہ 1 کھرب 40ارب روپے بڑھ گیا، کاروباری حجم28فیصد زائد، 17 کروڑ52 لاکھ حصص کے سودے فوٹو: فائل

کراچی:  کراچی اسٹاک ایکس چینج میں عیدالفطر سے قبل آخری ٹریڈنگ سیشن کے دوران غیرمتوقع طور پربینکنگ، سیمنٹ، مواصلات کے شعبوں کے علاوہ ایک کثیرقومی کمپنی میں نچلی قیمتوں پر خریداری رحجان سے تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی۔

جس سے انڈیکس کی 23000 کی نفسیاتی حد ایک بار پھر بحال ہوگئی، تیزی کے باعث78.44 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1کھرب40 ارب24 کروڑ64 لاکھ61 ہزار571 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے بعد سرکلرڈیٹ کا مسئلہ حل ہونے کی امید اور لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کا سیزن شروع ہونے کی توقعات پر بدھ کو مختلف شعبوں کی جانب سے نچلی قیمتوں پر آئی ہوئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی گئی جس سے مارکیٹ کا گراف تیزی کی جانب گامزن ہوا، کاروبار کا آغاز اگرچہ مندی سے ہوا جس سے ایک موقع پر 31.70 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اختتامی لمحات میں حصص کی خریداری بڑھنے سے مندی کے اثرات زائل ہو گئے۔

ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر67 لاکھ59 ہزار 510 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ غیرملکیوں کی جانب سے 33 لاکھ14 ہزار 311 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے33 لاکھ27 ہزار 850 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے 1لاکھ17 ہزار 348 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی، تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 615.26 پوائنٹس کے اضافے سے23237.19 ہوگیا۔

جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس500.06 پوائنٹس کے اضافے سے 18076.55 اور کے ایم آئی30 انڈیکس1073.19 پوائنٹس کے اضافے سے40420.85 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت28.48 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر17 کروڑ 52 لاکھ17 ہزار410 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 348 کمپنیوںتک محدود رہا جن میں273 کے بھاؤ میں اضافہ، 58 کے داموں میں کمی اور17 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں وائتھ پاکستان کے بھاؤ 105.91 روپے بڑھ کر2224.27 اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ91 روپے بڑھ کر1911 روپے ہوگئے جبکہ پاک گم اینڈ کیمیکلز کے بھاؤ8.19 روپے کم ہوکر 160.06اور اسماعیل انڈسٹریز کے بھاؤ5 روپے کم ہو کر 190 روپے ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔