بلوچستان میں کوئی نوگو ایریا نہیں، کمانڈرسدرن کمانڈعاصم سلیم باجوہ

ویب ڈیسک / محمد اکرم  پير 18 مارچ 2019
کوئٹہ کے بعد گوادر اور حب کو سیف سٹی بنائیں گے، کمانڈر سدرن کمانڈ فوٹو: فائل

کوئٹہ کے بعد گوادر اور حب کو سیف سٹی بنائیں گے، کمانڈر سدرن کمانڈ فوٹو: فائل

کوئٹہ: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات تبدیل ہورہے ہیں اور اب صوبے میں کوئی نوگو ایریا نہیں۔

کوئٹہ میں معدنی ترقی سے متعلق سیمینار سے خطاب کے دوران لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو گزشتہ 10 سال سے دہشت گردی کا سامنا رہا لیکن اب حالات تبدیل ہورہے ہیں، امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، صوبے میں کوئی نوگو ایریا نہیں۔ بلوچستان میں امن قائم ہوچکا اب ترقی کے سفر کا آغاز کرنے جارہے ہیں ،اس طرح کی نشستیں ہمیں سرمایہ کاری کی جانب لے جاسکتی ہیں۔ لاہور اور اسلام آباد کے بعد جلد کوئٹہ میں سیف سٹی پروجیکٹ پر کام شروع ہوگا، کوئٹہ کے بعد گوادر اور حب کو سیف سٹی بنائیں گے۔ہم صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

کمانڈر سدرن کمانڈ کا کہنا تھا کہ سرحدوں کی حفاظت ناگزیر ہے جو معاشی ترقی اور امن کی بحالی میں معاون ثابت ہوگا، اب تک ہم سرحد پر 370 کلو میٹر باڑ لگا چکے ہیں، اگلے ماہ پر سرحد پر مزید باڑ لگانے کا کام ہوگا، ایران کے ساتھ بارڈر پر باڑ کی تعمیر کا آغاز کر رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل سے اب تک فائدہ نہیں اٹھایا گیا، ماضی میں انفرااسٹرکچر پالیسی اور شفافیت کے فقدان کا سامنا رہا، معدنی شعبے میں بہت مواقع ہیں اس سے فائدہ اٹھانا ہوگا، بہتر سیکیورٹی اور جدید مائننگ سے اس شعبے کو ترقی دی جاسکتی ہے، مائننگ کمپنیاں آئیں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، مقامی کان مالکان کی سیکورٹی کے مسائل بھی حل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔