امام الحق نے شین واٹسن سے معافی مانگ لی

ویب ڈیسک  پير 18 مارچ 2019
شین واٹسن سے میرا رویہ بہت غیرمناسب تھا لہذا میں اپنے کیے پر معافی مانگتا ہوں، فوٹو: سوشل میڈیا

شین واٹسن سے میرا رویہ بہت غیرمناسب تھا لہذا میں اپنے کیے پر معافی مانگتا ہوں، فوٹو: سوشل میڈیا

پی ایس ایل کے فائنل میں شین واٹسن سے بدتمیزی کرنے پر امام الحق نے ان سے معافی مانگ لی۔

کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپننگ بلے باز شین واٹسن جب رن آؤٹ ہوئے تو پشاور زلمی کے کھلاڑی امام الحق نے انہیں باہر جانے کا اشارہ کیا اس دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

مہمان کھلاڑی سے بدتمیزی کرنے پر شائقین کرکٹ نے امام الحق کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس حوالے سے ’پرچی‘ کے نام سے ہیش ٹیگ بھی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرتا رہا۔

شائقین کی جانب سے تنقید کے بعد امام الحق کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہوا اور انہوں نے آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن سے معافی مانگ لی۔

اپنی ٹوئٹ میں امام الحق کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کا واقعہ کھیل کے دوران ماحول کی گرمی کی وجہ سے ہوا لیکن شین واٹسن سے میرا رویہ بہت غیرمناسب تھا لہذا میں اپنے کیے پر معافی مانگتا ہوں۔ انہوں نے کوئٹہ گلیڈٰی ایٹرز کو جیت پر اور شین واٹسن کو مین آف دی سیریز ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف فائنل میچ بلکہ پورا ایونٹ بہت زبردست رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔