کانگو میں مال بردار ٹرین حادثے میں متعدد بچوں سمیت 32 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 18 مارچ 2019
کانگو میں مال بردار ٹرین پر مفت میں سفر کرنے کا رجحان عام ہے۔ فوٹو : فائل

کانگو میں مال بردار ٹرین پر مفت میں سفر کرنے کا رجحان عام ہے۔ فوٹو : فائل

برازاویلا: افریقی ملک کانگو میں مال بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں اس میں غیر قانونی طور پر سوار 32 مسافر ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک کانگو کے صوبے کسائی کے علاقے بینا لیکا میں مال بردار ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں اور ایک دوسرے سے ٹکرا کر بری طرح تباہ ہوگئیں۔ حادثے میں 32 افراد کے ہلاک اور 31 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

ریلوے پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ یہ مال بردار ٹرین تھی جو عمومی طور پر مسافروں کے لیے نہیں ہوتی تاہم ٹکٹ کے پیسے بچانے کے لیے مسافروں کی بڑی تعداد ایسی ٹرینوں کے بوگیوں میں چھپ کر سفر کرتے ہے۔ اس لیے ٹرین میں مسافروں کی تعداد سے متعلق کوئی مستند اعداد و شمار میسر نہیں۔

ریلوے پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک 24 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں اکثر بچے ہیں جو تفریحاً ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن کے لیے ٹرین میں سوار ہوجاتے ہیں۔ اسپتال پہنچ کر 8 زخمیوں نے دم توڑ دیا۔ اب بھی ٹرین کی بوگیوں سے زخمیوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔