وزیراعظم سے عثمان بزدار کی ملاقات، اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پرگفتگو

ویب ڈیسک  پير 18 مارچ 2019
وزیراعظم کا اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر اظہار ناراضی فوٹو:فائل

وزیراعظم کا اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر اظہار ناراضی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے وزیراعظم کو اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے اور مراعات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر ناراضی کا اظہار کیا، اور کہا کہ ارکان کی تنخواہوں میں اضافہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کو مدنظر رکھ کر کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں و مراعات میں اضافے کی سمری روک دی

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی سیاسی صورتحال اور انتظامی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اور وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلٰی پنجاب کو کفایت شعاری اپنانے اور گورننس بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی، جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامی معاملات میں پارٹی رہنماوں کی مداخلت کا شکوہ کیا اور کہا کہ مداخلت سے فیصلوں پر عملدرآمد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گورننس بہتر بنانے کے لیے تحریک انصاف کے منشور پر عملدرآمد کریں، بطور وزیراعلی انتظامی معاملات اپنے ہاتھ میں رکھیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وزیراعظم کا اضافی گیس بلوں کی رقم واپسی کیلیے فنڈز مختص کرنے کا حکم

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں صوبائی کابینہ کی کارکردگی اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج کے بارے میں مسلم لیگ (ن)  کے مطالبات پر بھی گفتگو ہوئی، اور وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جیل انتظامیہ اور شریف خاندان سے مسلسل رابطے میں ہےاور سابق وزیراعظم کو صحت کی ہر مکمن سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وزیرِاعظم کی زیرصدارت اجلاس؛ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی نے اپنے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور کیا تھا جس کے تحت ان کی تنخواہ اورمراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے تک کر دی گئی تھی، وزیراعظم عمران خان نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے گورنر پنجاب محمد سرور کو اراکین اسمبلی پنجاب کی تنخواہوں کی سمری پر دستخط کرنے سے روک دیا تھا اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو طلب کیا تھا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔