نیب نے آشیانہ کیس میں شہبازشریف کی ضمانت چیلنج کردی

ویب ڈیسک  پير 18 مارچ 2019
 عدالت ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرے، نیب۔ فوٹو:فائل

عدالت ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرے، نیب۔ فوٹو:فائل

لاہور: رمضان شوگر ملز کیس کے  بعد نیب نے آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں شہبازشریف کی ضمانت چیلنج کردی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق نیب لاہور نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کی ضمانت چیلنج کرنے کے بعد اب آشیانہ ہاوسنگ اسکیم کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج کردی ہے۔ آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں فواد حسن فواد کی ضمانت بھی چیلنج کی گئی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہبازشریف پر مالی بدعنوانی کا الزام نہیں

نیب لاہور نے عدالت عظمیٰ میں دی گئی درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے حقائق اور قانون کا درست جائزہ نہیں لیا، سپریم کورٹ نیب مقدمات میں ضمانت کا معیار مقرر کر چکی ہے، لیکن لاہور ہائی کورٹ نے عدالتی معیار کے برعکس فیصلہ دیا۔

درخواست میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف اور فواد حسن فواد کیس میں مرکزی ملزمان ہیں، عدالت ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔