اداکار حسن نیازی بھارتی پائلٹ کا کردار نبھانے پر بول پڑے

ویب ڈیسک  پير 18 مارچ 2019
فلم ’شیردل‘ میں پاک فضائیہ کا مورال بلند کرنے کی کوشش کی گئی ہے، حسن نیازی۔ فوٹو: فائل

فلم ’شیردل‘ میں پاک فضائیہ کا مورال بلند کرنے کی کوشش کی گئی ہے، حسن نیازی۔ فوٹو: فائل

 لاہور: معروف پاکستانی اداکار حسن نیازی اپنی نئی آنے والی فلم ’شیردل‘ میں بھارتی پائلٹ کا کردار نبھانے پر بول پڑے۔

حسن نیازی کا اپنے کردار کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’میں فلم ’شیر دل‘ میں بھارتی پائلٹ ارون ویرانی کا کردار ادا کررہا ہوں لیکن اس فلم کی تشہیر کے دوران اکثر لوگ مجھ سے ایک سوال پوچھا کرتے ہیں کہ ارون ویرانی کا کردار بھارتی رہا کیے گئے پائلٹ ابھی نندن سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے تو بطور حسن نیازی میں کس طرح محسوس کرتا ہوں جس پر میں ہمیشہ یہی کہتا ہوں کہ فلم کا یہ اسکرپٹ ہم بہت پہلے تیار کر چکے تھے‘۔

حسن نیازی نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی اچھی فلم کو بنانے میں کم از کم ڈیڑھ سے دو سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے اور ہم اپنی فلم کی لاؤنچنگ کے قریب تر تھے لیکن یہ قدرت کی طرف سے محض ایک اتفاق ہی تھا کہ پاکستان میں بھارتی پائلٹ کا واقعہ رونما ہو گیا اور اگر ایسا نہ بھی ہوتا تو ہم اپنی اس فلم کو لے کر کافی مطمئن ہیں۔

ارون ویرانی کا کردار ادا کرنے والے حسن نیازی نے کہا کہ اس فلم پر ہمیں یقین اس وجہ سے بھی ہے کہ ان دنوں پاک فضائیہ کا جذبہ اور مورال بلند ترین ہے اور ہم نے بھی اس فلم میں کچھ اسی طرح کی عکاسی کی ہے جس میں پاکستانی پائلٹ اپنے ملک کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو مزہ چکھاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قوم کے شاہینوں کے عزم و ہمت کو اجاگر کرتی فلم ’شیر دل‘ کا ٹریلر جاری

واضح رہے کہ اظفر خان کی ہدایت کاری میں بننے والی ’شیر دل‘ میں 1965ء کی پاک بھارت جنگ کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس میں میکال ذوالفقار، حسن نیازی اور ارمینا خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم رواں ماہ 22 مارچ کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔