جنوبی افریقا کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ لگانے میں دلچسپی ظاہر کردی

احتشام مفتی  منگل 19 مارچ 2019
پاکستان میں سرمایہ کاری پلان ترتیب دینے کے لیے جنوبی افریقا کا ایک 13 رکنی وفد 11 اپریل کو پاکستان پہنچے گا (فوٹو: انٹرنیٹ)

پاکستان میں سرمایہ کاری پلان ترتیب دینے کے لیے جنوبی افریقا کا ایک 13 رکنی وفد 11 اپریل کو پاکستان پہنچے گا (فوٹو: انٹرنیٹ)

 کراچی: جنوبی افریقا کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کی زراعت، ایوی ایشن، انفرا اسٹرکچر، سیاحت، آئل پروجیکٹس اور تعمیراتی شعبوں میں مشترکہ و انفرادی سطح پر سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کردی۔

ایکسپریس کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری پلان ترتیب دینے کے لیے جنوبی افریقا کا ایک 13 رکنی وفد 11 اپریل کو پاکستان پہنچے گا جو پاکستان میں 8روزہ قیام کے دوران کراچی اسلام آباد سیالکوٹ اور دیگر شہروں کا دورہ کرے گا۔

اس حوالے سے پاکستان ساؤتھ افریقا بزنس فورم کے چئیرمین رفیق میمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ وفد میں ساؤتھ افریقا کی بڑی کمپنیوں کے نمائندے شامل ہوں گے جو پاکستان میں زراعت، ایوی ایشن، انفرا اسٹرکچر، سیاحت ، تعمیراتی صنعت اور آئل پروجیکٹس میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں اور اس دورے میں کئی ملین ڈالر مالیت کے تجارتی و سرمایہ کاری معاہدے متوقع ہیں جن کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونے کے ساتھ مقامی افراد کے لیے روزگار کے وسیع مواقع میسر ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے حوالے سے پاکستان کے مختلف شہروں کے ایوان صنعت وتجارت اور وزارتوں کو خطوط بھی ارسال کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقا کا وفد شیڈول کے مطابق 11 تا 13 اپریل لاہور میں ٹریڈ ڈیولپمبٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت منعقد ہونے والی ٹیکسٹائل مشینری اور مصنوعات کی نمائش ٹیکسپو میں شرکت کرے گا اور اسی دوران وفد پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ کا دورہ کر کے مقامی صنعت کاروں سے ملاقاتیں کرے گا اور مختلف مشترکہ کاروباری منصوبوں کےمواقع تلاش کیے جائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق 14 تا 16 اپریل وفد اسلام آباد میں وزارت تجارت، سیاحت اور زراعت کے دفاتر کا دورہ کرنے کے ساتھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے حکام سے بھی ملاقاتیں کرے گا جبکہ 17 تا 18 اپریل کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور وزارت زراعت اور ٹورازم کےاعلی حکام سے ملاقات کرے گا۔

واضح رہے کہ پاک ساؤتھ افریقا بزنس فورم گزشتہ دو سال سے اس سلسلے میں پاکستان میں مختلف چیمبر آف کامرس اور متعلقہ وزارتوں کے حکام سے رابطے میں ہے اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے متحرک ہے تاکہ قیمتی زرمبادلہ کی ملک میں آمد بڑھے اور ترقی و خوشحالی کی راہیں ہموار ہوں۔

اسی سلسلے میں گزشتہ برس پاکستان سائوتھ افریقا بزنس فورم نے جوہانسبرگ میں 4 روزہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ سیمینار منعقد کیا جس میں پاکستان سے بھی تجارتی وفد اور سرکاری نمائندو ں نے شرکت کی اور جنوبی افریقا کے صنعتی اداروں کے دورے کرنے کے علاوہ متعدد کاروباری معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔