رواں سیزن ڈی آر ایس میں اسنکو میٹر شامل کرنے کا فیصلہ

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 8 اگست 2013
ہاٹ اسپاٹ کے موجد کو بعض بیٹس میں فائبر گلاس کوٹنگ کی موجودگی پر اعتراض۔   فوٹو: فائل

ہاٹ اسپاٹ کے موجد کو بعض بیٹس میں فائبر گلاس کوٹنگ کی موجودگی پر اعتراض۔ فوٹو: فائل

لندن: آئی سی سی نے رواں ونٹر سیزن کے دوران ڈی آر ایس میں اسنکومیٹر شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس حوالے سے انگلینڈ میں جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلرڈائس کھلاڑیوں کو ابتدائی ٹرائل کی تفصیلات سے آگاہ کرینگے،وہ ٹیکنالوجی پر پلیئرز کے تحفظات جاننے کے بعد اعلیٰ حکام کو اسکی رپورٹ بھی دینگے، واضح رہے کہ انگلش اور کینگرو کپتانوں و کوچز نے ڈی آر ایس کی تو حمایت کر دی البتہ ہاٹ اسپاٹ پر ان کا اعتماد کم ہو گیا ہے۔

دوسری جانب کونسل نے آسٹریلوی خدشات کا بھی جواب دے دیا تاہم تفصیلات اس مرحلے پر عوام کے سامنے نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یاد رہے کہ عثمان خواجہ کیخلاف متنازع فیصلے پر کرکٹ آسٹریلیا نے آئی سی سی سے وضاحت طلب کی تھی۔

دریں اثنا ہاٹ اسپاٹ کے موجد ویرن برینن نے بعض بیٹس پر فائبر گلاس کوٹنگ کی موجودگی پر اعتراض اٹھا دیا، ان کے مطابق اسی وجہ سے بعض اوقات سسٹم گیند کے بیٹ سے چھونے کی نشاندہی نہیں کر پاتا، برینن نے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ سے قبل گزشتہ ہفتے میلبورن میں ایلرڈائس سے ملاقات کی تھی، ستمبر میں شیڈول آئی سی سی کی اگلی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ کے ایجنڈے میں بھی ڈی آر ایس اور ہاٹ اسپاٹ شامل ہے۔

علاوہ ازیں آسٹریلوی آل راؤنڈراسٹیون اسمتھ نے کہا کہ ہم صرف بیٹ کو محفوظ رکھنے کیلیے اس پر ٹیپ لگاتے ہیں، ہاٹ اسپاٹ کو دھوکا دینا اس کا مقصد نہیں ہوتا۔ انگلش فاسٹ بولر گراہم اونینز نے کہا کہ الزامات بے بنیاد ہیں، پسندیدہ بیٹس کو طویل عرصے تک اپنے پاس رکھنے کیلیے پلیئرز کریکس پڑنے پر ٹیپ لگا لیتے ہیں، یہ احمقانہ بات ہے کہ ایج کا ثبوت مٹانے کیلیے ایسا کیا جاتا ہے، ہم ہمیشہ ایمانداری سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آسٹریلیا بھی ایسا ہی کرتا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔