پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل؛ خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

ویب ڈیسک  منگل 19 مارچ 2019
خواجہ برادران کو 11 دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا فوٹو: فائل

خواجہ برادران کو 11 دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا فوٹو: فائل

 لاہور: پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع کردی گئی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست کمرہ عدالت میں جمع کروا دی، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اب تو اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں چل رہا ہے پھر وہ اسلام آباد میں کیوں ہیں۔ جیل حکام نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہے جس کی وجہ سے خواجہ سعد رفیق اسلام آباد میں ہیں۔

تفتیشی افسر کی غیر حاضری پر عدالتی استفسار پر نیب حکام نے بتایا کہ تفتیشی افسر بیمار ہے جس کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہوسکا۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ پیراگون  ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کے حوالے سے حتمی رپورٹ کیوں نہیں آئی، آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کو مزید جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا، کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ خواجہ برادران کو 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت منسوخ ہونے کے بعد نیب نے گرفتار کیا تھا تاہم  53 روز کے جسمانی ریمانڈ کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔