بھارت میں 5 منزلہ عمارت منہدم ہونے سے 2 افراد ہلاک، 19 زخمی

ویب ڈیسک  منگل 19 مارچ 2019
عمارت کے ملبے تلے اب بھی 40 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے (فوٹو : بھارتی میڈیا)

عمارت کے ملبے تلے اب بھی 40 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے (فوٹو : بھارتی میڈیا)

کرناٹکا: بھارتی ریاست کرناٹکا میں 5 منزلہ زیر تعمیر عمارت اچانک منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے جب کہ عمارت کے ملبے میں 40 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرناٹکا کے ضلع دھرود میں 5 منزلہ عمارت گر گئی، عمارت کے ملبے سے 2 افراد کی لاشوں کو نکالا جا چکا ہے جب کہ 19 زخمیوں کو ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، اب بھی ملبے تلے 40 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

امدادی اداروں نے کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو دھرود کے ضلعی اور سول اسپتال منتقل کیا ہے۔ 19 زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور لوگوں سے خون کے عطیے کی درخواست کی گئی ہے، زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح امداد کی فراہمی ہے، عمارت کے منہدم ہونے کی وجہ کا فوری طور پر تعین نہیں کیا جاسکا۔ پانچ منزلہ عمارت کا بڑا حصہ زیر تعمیر تھا جب کہ کچھ حصے میں لوگ رہائش پذیر تھے۔ صوبائی حکومت نے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امدادی رقم کا بھی اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔