ملک میں فٹ بال کے فروغ کے لیے چیئرمین سینیٹ کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی قائم

ویب ڈیسک  منگل 19 مارچ 2019
کمیٹی کے کنونیر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی خود ہوں گے،نوٹیفکیشن۔ فوٹو:فائل

کمیٹی کے کنونیر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی خود ہوں گے،نوٹیفکیشن۔ فوٹو:فائل

لاہور: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملک میں فٹ بال کے فروغ کے لیے 8 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 8 رکنی کمیٹی قائم کر دی، اور سینیٹ سیکرٹریٹ نے کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی کے کنونیر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی خود ہوں گے، جب کہ دیگر ارکان میں قائد ایوان شبلی فراز،سینیٹر محمد علی سیف ،سینیٹر دلاور خان، سینیٹر احمد خان، اسد اشرف، مرزا آفریدی اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجنیئر سید اشفاق حسین شاہ شامل ہیں، کمیٹی کا پہلا اجلاس کل شام چاربجے پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجنیئر سید اشفاق حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے قیام سے ملک میں گراس روٹ سطح پر فٹ بال کے کھیل کو فروغ ملے گا، پاکستان فٹ بال فیڈریشن گراس روٹ سطح پر انٹر کلب چیمپیئن شپ منعقد کروانے جاری ہے جس کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں، جس میں ملک بھر سے 3 ہزار کے قریب کلب حصہ لیں گے۔ انٹر کلب چیمپیئن شپ کی حتمی تاریخ کا اعلان 26 مارچ کو اسلام آباد میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی کانگریس کے اجلاس میں کیا جائےگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔