پی پی پی رہنما جام خان شورو کیخلاف نیب افسر کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک  منگل 19 مارچ 2019
ملزم نے گرفتاری سے بچنے کےلیے مزاحمت کی اور اپنی گاڑی سے نیب افسر شبیر کو ٹکرماری، مقدمے کا متن۔ فوٹو:فائل

ملزم نے گرفتاری سے بچنے کےلیے مزاحمت کی اور اپنی گاڑی سے نیب افسر شبیر کو ٹکرماری، مقدمے کا متن۔ فوٹو:فائل

کراچی: سابق صوبائی وزیربلدیات جام خان شورو کے خلاف نیب افسر کو زخمی کرنے کا مقدمہ آرٹلری میدان تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اورسابق صوبائی وزیربلدیات جام خان شورو کے خلاف نیب افسر کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب کی مدعیت میں کراچی کے آٹلری میدان تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں کارسرکار میں مداخلت، مزاحمت کرنے، نیب ملازم کو زخمی اور نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں، اور بیان دیا گیا ہے کہ 13 مارچ کو نیب افسران کریشن کیس میں وارنٹ کے ہمراہ سابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کو گرفتار کرنے کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر ایوان صدر روڈ پہنچے، جہاں نیب افسران نے سابق صوبائی وزیرکوگرفتارکرکے کوشش کی اور اپنی شناخت بتاتے ہوئے سابق صوبائی وزیر کی گاڑی کاراستہ روکا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جام خان شورو کے وارنٹ گرفتاری جاری

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا  کہ سابق صوبائی وزیر نے گرفتاری سے بچنے کےلیے مزاحمت کی اور اپنی گاڑی سے نیب افسر شبیر کو ٹکرمار دی جس کے باعث نیب افسر کی ٹانگ میں شدید چوٹ آئی اور وہ زخمی ہو گیا جب کہ ملزم جام خان شورو نے اپنے ڈرائیور کو گاڑی رکاوٹ سے نکالنے کا کہا اور موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

سرکاری پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ، جام خان شور اور دیگر ملزمان کی ضمانت میں توسیع

دریں اثنا سندھ ہائی کورٹ نے گلستان جوہر میں سرکاری پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق جام خان شورو کی عبوری ضمانت میں 21 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے نامزد 6 ملزمان کی ضمانت میں توثیق بھی کردی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو گلستان جوہر میں سرکاری پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق سابق وزیر جام خان شورو و دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

ڈی جی کے ڈی اے منصور عباس رضوی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے غیر قانونی الاٹمنٹ میں نامزد 6 ملزمان کی ضمانت میں توثیق کرتے ہوئے جام خان شورو سمیت 8 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 21 مارچ تک توسیع کر دی۔ عدالت نے جام خان شورو اور دیگر ملزمان اور ان کے وکلا کو 21 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

نیب کے مطابق جام خان شورو گلستان جوہر میں 62 سرکاری پلاٹوں کی غیر قانونی نیلامی میں ملوث ہیں۔ جام خان شورو نے 2017ء میں سرکاری پلاٹس اپنے فرنٹ مین اوشک راہوجو کے نام منتقل کرائے۔ سرکاری پلاٹوں کی غیر قانونی نیلامی میں سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس گرفتار ہیں۔ سرکاری پلاٹوں کی غیر قانونی نیلامی سے قومی خزانے کو 180 ملین کا نقصان ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔