آمدن سے زائد اثاثے: نیب کو شہباز شریف کے خلاف کروڑوں روپے کے مزید شواہد مل گئے

وقائع نگار  منگل 19 مارچ 2019
96 ایچ ماڈل ٹاون کی رہائش گاہ اور مری کا گھر نصرت شہباز کے نام ہیں جن کی مالیت 18 کروڑ 65 لاکھ روپے ہے (فوٹو: فائل)

96 ایچ ماڈل ٹاون کی رہائش گاہ اور مری کا گھر نصرت شہباز کے نام ہیں جن کی مالیت 18 کروڑ 65 لاکھ روپے ہے (فوٹو: فائل)

 لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور نے کروڑوں روپے کے مزید شواہد حاصل کر لیے۔

ذرائع کے مطابق نیب کو میاں شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی اور نصرت شہباز کے اثاثہ جات کی تفصیلات موصول ہوگئیں، سابق وزیر اعلی پنجاب کی پہلی بیگم نصرت شہباز 12 کمپنیوں میں 69 لاکھ 56 ہزار 5 سو شیئرز کی مالک ہیں۔

ایس ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق نصرت شہباز کے شیئرز کی مالیت 87 لاکھ 85 ہزار روپے ہے، 96 ایچ ماڈل ٹاون کی رہائش گاہ اور مری کا گھر نصرت شہباز کے نام ہیں جن کی مالیت 18 کروڑ 65 لاکھ 81 ہزار 384 ہے۔

میاں شہباز شریف نے تہمینہ درانی کو ڈیفنس سمیت 8 قیمتی پراپرٹیز تحفے میں دے رکھی ہیں اس کے علاوہ تہمینہ درانی کے پاس گوادرمیں 4 کنال کا پلاٹ اور 1 ایکڑ بیش قیمتی زمین بھی ہے۔

نصرت شہباز کے پاس قصور، فیروز والا میں 810 کنال کی زرعی زمین  ہے جس کی مالیت صرف 26 لاکھ ظاہر کی گئی ہے۔ نصرت شہباز کے رمضان شوگرمل، حمزہ اسپنگ مل، کلثوم ٹیکسٹائل، محمد بخش ٹیکسٹائل میں بھی شئیرز ہیں جب کہ ان کے شریف پولٹری، شریف ڈیری، کوالٹی چکن، شریف ملک پروڈکٹس، کرسٹل پلاسٹک، العریبہ شوگر مل میں بھی شیئرز ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔