کراچی دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر قرار

ویب ڈیسک  منگل 19 مارچ 2019
دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق سنگاپور دنیا کا مہنگا ترین اور وینزویلا کا شہر قارقاس سستا ترین شہر قرار (فوٹو: فائل)

دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق سنگاپور دنیا کا مہنگا ترین اور وینزویلا کا شہر قارقاس سستا ترین شہر قرار (فوٹو: فائل)

 کراچی: دنیا کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے جس کے تحت کراچی دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر قرار پایا ہے۔

مشہور جریدے ’دی اکنامسٹ‘ کے انٹیلی جنس یونٹ نے دنیا بھر میں رہائش کے لحاظ سے ایک سروے کیا جس میں کراچی کو رہائش اور خوراک کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر قرار دیا ہے۔

اس فہرست میں وینزویلا کا شہر پہلے، دمشق دوسرے، تاشقند تیسرے، الماتے چوتھے، بنگلور پانچویں، کراچی چھٹے، لاگوس ساتویں، بیونس آئرس آٹھویں، چنائے نویں اور نئی دہلی دسویں نمبر پر ارزاں ترین شہر ہیں۔

حیرت انگیز طور پر اس فہرست کی 30 سالہ تاریخ میں تین ملک مہنگائی کے لحاظ سے سرِفہرست آئے ہیں جن میں اول نمبر پر سنگاپور، دوسری پوزیشن پیرس اور ہانگ کانگ تیسرے نمبر پر ہے۔ اسی لحاظ سے زیورخ چوتھے، جینیوا  اور اوساکا پانچویں، سیئول، کوپن ہیگن اور نیویارک ساتویں اور تل ابیب دسویں نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں جنگ زدہ دمشق ارزاں ترین شہر قرار پایا ہے تاہم سنگاپور، ہانگ کانگ اور پیرس مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں سب سے اوپر ہیں۔

اس فہرست کے لیے دنیا بھر کے 133 شہروں کا جائزہ لیا گیا ہے جن میں رہائش، کرایہ، ٹرانسپورٹ اور خوراک سمیت 160 عوامل کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ فہرست ہر سال جاری کی جاتی ہے اور گزشتہ برس بھی کراچی سستے ترین شہروں کی فہرست میں شامل تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔