ٹیسٹ کرکٹ میں سفید کٹس پر بھی پلیئرز کے نام چمکیں گے

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 20 مارچ 2019
محدوداوورزکے میچزکی طرح نمبربھی لکھے جائیں گے،ایشزسیریزسے ممکنہ آغاز۔ فوٹو: فائل

محدوداوورزکے میچزکی طرح نمبربھی لکھے جائیں گے،ایشزسیریزسے ممکنہ آغاز۔ فوٹو: فائل

سڈنی: نئی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سفید کٹ پر بھی کھلاڑیوں کے نام اور نمبرچمکیں گے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور جدت لانے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں، ون ڈے کرکٹ کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ جدت لانے کی کوششیں ہورہی ہیں، پنک گیند اور فلڈ لائٹس میں طویل فارمیٹ کے میچز ہو چکے، اب سفید اجلی کٹ کے پیچھے کھلاڑیوں کے نام اور نمبر لکھنے کی تیاریاں بھی ہو رہی ہیں۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا ٹیسٹ کرکٹ کی142 سالہ روایت کو توڑنے کیلیے تیار دکھائی دیتے ہیں، اس صورت میں رواں برس انگلینڈ میں شیڈول ایشز سیریز میں دونوں جانب کے کھلاڑی اپنے مخصوص نمبرز والی ٹیسٹ شرٹس پہنے ہوئے دکھائی دے سکتے ہیں جس پر ان کے نام بھی درج ہوں گے۔ اس کیلیے انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ اورکرکٹ آسٹریلیا دونوں کوآئی سی سی بورڈ کی اجازت درکار ہوگی۔

واضح رہے کہ پہلا ٹیسٹ یکم اگست سے ایجبسٹن میں شروع ہونا ہے،یہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت پہلا مقابلہ بھی ہوگا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں پلیئرز نمبرز والی شرٹس پہنتے ہیں تاہم دیگرممالک میں ایسا عام نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔