بھارتی تاریخ کے سب سے بڑے مالیاتی اسکینڈل میں ملوث ارب پتی لندن میں گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 20 مارچ 2019
ارب پتی بھارتی جیولرز مالیاتی اسکینڈل سامنے آنے پر لندن فرار ہوگئے تھے۔ فوٹو : فائل

ارب پتی بھارتی جیولرز مالیاتی اسکینڈل سامنے آنے پر لندن فرار ہوگئے تھے۔ فوٹو : فائل

نئی دلی: بھارت میں پنجاب نیشنل بینک کے 2 ارب ڈالر کے ’بینک فراڈ‘ کے مرکزی کردار نروو مودی کو لندن سے گرفتار کرلیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ارب پتی سونے کا بیوپاری نروو مودی پنجاب نیشنل بینک کے لون فراڈ میں بھارتی حکومت کو مطلوب تھا، نروو مودی گزشتہ برس برطانیہ فرار ہوگیا تھا جس پر بھارت نے برطانیہ سے ملزم کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔

برطانوی پولیس نے نروو مودی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کو وسطی لندن کے علاقے ہالبورن سے حراست میں لیا گیا ہے، ملزم کو بھارت حوالگی سے قبل لندن کی ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالتی حکم پر آئندہ کی کارروائی منحصر ہوگی۔

واضح رہے کہ نروو مودی پر پنجاب نیشنل بینک سے 4 کروڑ 38 لاکھ ڈالر اور  ایک اور سرکاری بینک سے ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کے فراڈ کا الزام ہے جب کہ اپوزیشن جماعتیں نروو مودی کے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے ساتھ تعلقات پر بھی اعتراضات اُٹھاچکی ہیں، نروو مودی کی گرفتاری سے اپوزیشن کو فائدہ اور بی جے پی کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔