افغانستان میں سیلاب سے ہلاکتیں 63 ہوگئیں

ویب ڈیسک  بدھ 20 مارچ 2019
افغانستان میں ایک ہفتے سے بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ جاری ہے۔ فوٹو : فائل

افغانستان میں ایک ہفتے سے بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ جاری ہے۔ فوٹو : فائل

کابل: افغانستان کے صوبے ہرات میں سیلاب سے 13 افراد کے جاں بحق ہونے سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 63 ہوگئی ہے جب کہ سیلاب سے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد شہری متاثر ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاک والوں کی تعداد 63 ہوگئی ہے، مختلف اسپتالوں میں 50 سے زائد زخمی زیر علاج ہیں جب کہ سیلابی صورت حال سے متاثرین شہریوں کی تعداد ایک لاکھ بائیس ہزار ہوگئی ہے۔ ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد کے اداروں کا کہنا ہے کہ سیلاب کے متاثرین کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ شدید بارشوں نے افغانستان کے 34 میں سے 14 صوبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جہاں 5 ہزار مکانات مکمل طور پر تباہ اور ساڑھے سات ہزار کے قریب جزوی طور پر منہدم ہو گئے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں یہ شدید بارشیں گزشتہ کئی برسوں سے جاری خشک سالی کے بعد ہوئی ہیں، تاہم اس بار برسات نے پورے ملک میں بری طرح تباہی مچادی ہے جب کہ ناکافی سہولیات کے باعث جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔