ایڈم زمپا نے پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کو سخت چیلنج قرار دیدیا

عباس رضا  بدھ 20 مارچ 2019
گرین شرٹس محدود اوورز کی کرکٹ میں دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے، آسٹریلوی اسپنر

گرین شرٹس محدود اوورز کی کرکٹ میں دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے، آسٹریلوی اسپنر

آسٹریلوی اسپنر کا کہنا کہ گرین شرٹس محدود اوورز کی کرکٹ میں دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہےاس لیے پاکستان کو آسان حریف نہیں سمجھتے۔

ایک انٹریو میں آسٹریلیا کے اسپنر نے کہا کہ بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے کے بعد کینگروز کا اعتماد اور حوصلہ بلند ہے لیکن پاکستان کو آسان حریف نہیں سمجھ سکتے، سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے، بھارت میں سیریزجیتنے کے بعد متحدہ عرب امارات میں بھی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنا ہو گا۔

گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کے ہاتھوں 0-3 سے کلین سویپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایڈم زمپا نے کہا کہ  اس وقت میزبان ٹیم نے ہمیں باندھ کر رکھ دیا تھا، ہمیں غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اس بار بدلہ چکانا ہوگا، مجھے پاکستان کے خلاف زیادہ کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن پی ایس ایل میں مقابلے کی فضا دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سخت چیلنج ہو گی۔

بھارت کے خلاف 5 میچز میں 11 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین اسپنر کے طور پر سامنے آنے والے ایڈم زمپا نے کہا کہ درمیانی اوورز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرنے سے اعتماد  میں اضافہ ہوا، ون ڈے میں اپنے  رول کا اندازہ ہوتا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔