ایل او سی پر بھارتی شرانگیزی سے شہریوں کے تحفظ کیلئے اربوں کے پیکیج پر اتفاق

شبیر حسین  بدھ 20 مارچ 2019
پیكیج كے تحت لائن آف كنٹرول پر 5 كلو میٹر علاقے میں حفاظتی بنكرز تعمیر كیے جائیں گے . فوٹو : فائل

پیكیج كے تحت لائن آف كنٹرول پر 5 كلو میٹر علاقے میں حفاظتی بنكرز تعمیر كیے جائیں گے . فوٹو : فائل

 اسلام آباد: آزاد كشمیر میں لائن آف كنٹرول پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے مقامی آبادی كو محفوظ بنانے كیلئے وفاقی حكومت نے 5 ارب روپے كا پیكیج دینے پر اتفاق كیا ہے۔

آزاد كشمیر كے حكومتی ذرائع كا كہنا ہے كہ ایل او سی پر بھارتی گولہ بھاری سے شہری آبادی كو محفوظ بنانے كے لئے وفاق نے 5 ارب روپے مالیت كا پروگرام شروع كرانے پر اتفاق كیا ہے، وفاقی حكومت اس پراجیكٹ كے لئے فنڈز فراہم كرے گی۔

ذرائع كا كہنا ہے كہ اس پراجیكٹ كے تحت ایل او سی پر 5 كلو میٹر علاقے میں حفاظتی بنكرزتعمیر كیے جائیں گے جب كہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے كے لئے ان علاقوں میں ایمرجنسی ہیلتھ یونٹس، تعلیمی ادارے اورسڑكیں تعمیر كیے جائیں گے جب كہ اس كے ساتھ ان علاقوں میں بجلی اور پانی كے منصوبے بھی شروع كیے جائیں گے۔

آزاد كشمیر حكومت اب اس پراجیكٹ كا پی سی ون تیار كرے گی جس كے بعد معلوم ہوگا كہ كتنے بنكرز، اسكول، ایمرجنسی ہیلتھ یونٹس اور سڑكیں  تعمیر كی جائیں گی۔

ذرائع كا كہنا تھا كہ اس پروگرام كا بنیادی مقصد ایل او سی پر آباد شہریوں كو بھارتی گولہ باری سے محفوظ بنانے كے ساتھ ان كو ان كے آبائی علاقوں سے دیگر مقامات پر منتقلی كو روكنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔