ای سی سی؛ وزیر اعظم کے طیارے کی مرمت کیلیے 40 کروڑ مختص

شہباز رانا  جمعرات 21 مارچ 2019
طیارے کی مرمت کیلیے مختص فنڈزغیرمعمولی نہیں، سالانہ اخراجات ہی ہیں ،اسد عمر، پارلیمنٹ کے بجٹ میں دوگنااضافہ۔ فوٹو:فائل

طیارے کی مرمت کیلیے مختص فنڈزغیرمعمولی نہیں، سالانہ اخراجات ہی ہیں ،اسد عمر، پارلیمنٹ کے بجٹ میں دوگنااضافہ۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد:  کابینہ کی اقتصادی کمیٹی نے اراکین پارلیمنٹ کے اخراجات کو پورا کرنے، شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کیلئے 17.5 ارب کے ضمنی بجٹ کی منظوری دیدی، وزیراعظم کے زیراستعمال طیارے کی مرمت پر40کروڑ روپے خرچ ہونگے جبکہ پارلیمنٹ کے بجٹ میں بھی دو گنا اضافہ کیا گیا ہے ۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز وفاقی وزیرخزانہ اسد عمرکی زصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وزیراعظم کے زیر استعمال سیسنا طیارے کی مرمت کے لئے وزارت دفاع کو ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی مدمیں40.4کروڑ کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پروفاقی وزیرخزانہ اسد عمرنے بتایا کہ طیارے کی مرمت پراٹھنے والے اخراجات غیر معمولی نہیں بلکہ یہ درحقیقت طیارے کی سالانہ مرمت پر ہونیوالے اخراجات ہی ہیں۔

اسدعمر نے بتایاکہ رواں مالی سال کیلئے اراکین قومی اسمبلی کے لئے مختص گرانٹ6.3 ارب روپے تھی، جو سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری کے بعد تقریبا بڑھ کرڈبل سے زائد 14.84ارب روپے ہوگئی ہے۔

اجلاس میں وفاقی انتظامیہ اور ترقیاتی ڈویژن کیلئے بیس کروڑ 26 لاکھ37 ہزارکی تکنیکی امداد او ر بیرون پاکستان چیئرزکیلئے ایک کروڑ 24 لاکھ 9 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی انتظامیہ اور ترقیاتی ڈویژن کیلئے بیس کروڑ 26 لاکھ37 ہزار کی تکنیکی امداد اور وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کے تحت بیرون پاکستان چیئرزکیلئے ایک کروڑ 24 لاکھ 9ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے شمالی وزیرستان کے عارضی طورپر بے گھر ہونے والے افرادکی بحالی کیلئے فنڈزجاری کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

اسی طرح وزارت ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کو آرڈینیشن کے لئے 156.327 ملین روپے اور وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے لئے 41.617 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے آزاد جموں و شمیرکیساتھ بجلی کے ٹیرف اور واجبات سمیت دیگر ایشوز بارے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

اجلاس میں بتایاگیاکہ آزاد جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ بجلی کے ٹیرف سمیت دیگرمعاملات کے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں جس میں تمام پہلووں کو شامل کیاگیا ہے، جس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر حکومت اپنی بجلی کی تقسیم کارکمپنی(ڈیسکو)قائم کریگی اوربرابری کی بنیاد پراضافہ شْدہ ریٹ1.10 روپے فی کلوواٹ کے حساب سے پانی کے استعمال کی مد میں چارجز وصول کئے جائیںگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔