عید کیلیے نئی اقسام کی مٹھائیاں اور کیک دکانوں میں سجا دیے گئے

کاشف حسین  جمعرات 8 اگست 2013
ایم اے جناح روڈ کی ایک دکان میں مٹھائی اور حلوے فروخت کے لیے رکھے ہوئے ہیں۔ ۔فوٹو: محمد نعمان/ ایکسپریس

ایم اے جناح روڈ کی ایک دکان میں مٹھائی اور حلوے فروخت کے لیے رکھے ہوئے ہیں۔ ۔فوٹو: محمد نعمان/ ایکسپریس

کراچی:  میٹھی عید کی خوشیاں میٹھی سوغاتوں کے بغیر ادھوری ہیں عید کے دن بچے بڑے سب مٹھائی، کیک، آئس کریم اور دیگر میٹھی اشیا کھانا پسند کرتے ہیں۔

عید پرمہمان نوازی بھی شیر خورمے، مٹھائی اور کیک کے بغیر نامکمل سمجھی جاتی ہے، عید کیلیے بڑے پیمانے پر کیک مٹھائیوں کی تیاری شروع کردی گئی ہے، شہر میں مٹھائی فروخت کرنے والی بڑی دکانوں اور بیکریوں پر عید کے لیے مٹھائیوں اورکیک کی بکنگ شروع کردی گئی ہے، شیر خورمے کے لوازمات سنویاں، خشک میوہ جات، چھوہارے بھی خوب فروخت ہورہے ہیں، شہر بھر میں مٹھائی کی دکانوں اور بڑی بیکریوں کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے اور آؤٹ لیٹس کے باہر نمکو آئٹمز اور کچوریوں کی فروخت کے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جارہے ہیں، قیمے اور مصالحے والی کچوریاں عید کی روایت کا حصہ ہیں اور مٹھائیوں کے بعد منہ کا ذائقہ بدلنے کے لیے خصوصی طور پر کچوریوں سے تواضع کی جاتی ہے، عید کے لیے کھانے پینے کے لوازمات کی خریداری چند روز قبل شروع کردی جاتی ہے ۔

تاہم مٹھائیاں، کیک ،آئس کریم اور کولڈ ڈرنکس چاند رات کو خریدے جاتے ہیں جس کے لیے مٹھائی کے کارخانوں میں خصوصی اسٹاک تیار کرلیا گیا ہے جو چاند رات والے روز ہی دکانوں میں سجادیا جائے گا، شہر کی مقبول ترین سوئٹ شاپس اور بیکریز جن میں دلپسند،قصر شیریں،فریسکو،رحمت شیریں،انبالہ،ملااحمد، بھاشانی، احباب،مدراس،یونائٹیڈ بیکرصدر،بلیوربن بیکری،یونائٹیڈ کنگ بیکری وسوئٹس، احمد،عبدالحنان،ڈھاکہ سوئٹ اور شہر کی دیگر سوئٹس کارنرز پر مٹھائیوں کے ساتھ کیک بھی فروخت کیے جاتے ہیں اس سال عید کے لیے تیار کیے گئے کیک کی قیمت میں 10فیصد جبکہ مٹھائیوں کی قیمت میں 50سے 60روپے فی کلو تک اضافہ ہوگیا ہے، عید کے موقع پر مٹھائی کی دکانوں پر مختلف قسم کے حلوہ جات ربڑی اور کھیر بھی بڑے پیمانے پر فروخت کی جاتی ہے بڑی دکانوں پر خصوصی طور پر شوگر فری آئٹمز تیار کیے جاتے ہیں تاکہ چینی سے اجتناب کرنے والے افراد بھی عید کی میٹھی سوغاتوں سے محروم نہ رہ سکیں۔

مٹھائی کا کاروبار کرنے والوں کے درمیان معیار کے ساتھ پیکنگ اور دکانوں کو آراستہ کرنے کا بھی مقابلہ جاری ہے تمام بڑی دکانوں پر عید کے لیے خصوصی پیکنگ کا بندوبست بھی کیا جاتا ہے جو تحفے تحائف کے لیے مٹھائی پیک کرکے اس کی اہمیت اور خوبصورتی میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔ مٹھائی کے ٹوکروں کی سجاوٹ کے لیے چین سے درآمد شدہ ربن اور پھول استعمال کیے جاتے ہیں۔کیک بنانیو الی برانڈڈ کمپنیوں کا کاروبار چمک اٹھا ہے، شہر میں لوگوں کی ایک بڑی تعدادبرانڈڈ کیک بیکریز اور سوئیٹ شاپس سے بھی خریداری کیلیے رجوع کررہی ہے اور عید کیلیے پہلے سے برانڈڈ کیک کے آرڈرز دیے جارہے ہیں تاہم یہ رحجان پوش علاقوں میں زیادہ ہے گزشتہ چند سالوں میں کراچی میں مٹھائی کے ساتھ ساتھ کیک کا استعمال بڑھ گیا ہے۔

جس کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں کی بڑی بیکریز پر ایک سے بڑھ کر ایک خوش ذائقہ کیک تیار کیے جارہے ہیں، مٹھائیوں اور کیک کی فروخت میں گزشتہ سال کی قیمتوں کے مقابلے میں اس سال معمولی اضافہ ہو گا کیونکہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ کم ہوتے ہوئے کاروبار میں قیمتوں کا بڑھانا کسی بھی طرح سود مند نہیں ہے،گزشتہ سال دیسی گھی میں تیار کی جانے والی جومٹھائی400 روپے سے450 روپے فی کلو تھی وہ اس عید پر440 روپے سے500 روپے فی کلو فروخت ہوگی تاہم چھوٹی دکانوں پر بناسپتی گھی میں تیار کی گئی جومٹھائی پچھلے سال350 روپے سے370 روپے فی کلو فروخت ہوئی تھی وہ اب380 روپے سے 400 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔