بزنس کمیونٹی نے بجلی وتیل کی قیمتوں میں اضافہ رد کردیا

کامرس رپورٹر  جمعرات 8 اگست 2013
بجلی کے نرخوں میں مزید اضافے سے انڈسٹری بند اور بیروزگاری بڑھ جائیگی، مہنگائی میں مزید اضافہ ہوجائیگا۔فوٹو: فائل

بجلی کے نرخوں میں مزید اضافے سے انڈسٹری بند اور بیروزگاری بڑھ جائیگی، مہنگائی میں مزید اضافہ ہوجائیگا۔فوٹو: فائل

لاہور:  صنعتی و تجارتی تنظیموں کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ بجلی و پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت نے دم توڑتی معیشت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔

انڈسٹری پہلے ہی بد ترین توانائی بحران کا سامنا کر رہی ہے، ملک میں ہزاروں صنعتی یو نٹس بند ہوگئے ہیں، پیداواری لاگت بڑھنے کے باعث برآمدی آرڈرز منسوخ کرنے پڑرہے ہیں۔ پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ(پیاف)کے چیئرمین طاہر جاوید ملک، پاکستان لورز بزنس فورم کے چیئرمین محمد امجد چوہدری، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے ریجنل چیئرمین اظہر سعید بٹ، پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرطاہر ملک،قومی تاجر اتحاد کے جنرل سیکریٹری حافظ عابد علی اورآل پاکستان انجمن تاجران کے صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کو گزشتہ کئی برسوں سے بدترین توانائی بحران کا سامنا ہے۔

جس کی وجہ سے انڈسٹری پہلے ہی بند ہورہی ہے اور پیداواری لاگت بہت بڑھ چکی ہے، ایسے میں انڈسٹری کو ریلیف دینے کی بجائے بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے حکومت نے دم توڑتی معیشت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، بجلی کے نرخوں میں مزید اضافے سے انڈسٹری بند اور بیروزگاری بڑھ جائیگی، مہنگائی میں مزید اضافہ ہوجائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔