وزیراعظم کا نیوزی لینڈ کی ہم منصب کو فون، کرائسٹ چرچ واقعے پر اقدامات کو سراہا

ویب ڈیسک  جمعرات 21 مارچ 2019
نیوزی لینڈ مسلم کمیونٹی کو آزادی اور تحفظ کا یقین دلاتا ہے، جسینڈا آرڈرن

نیوزی لینڈ مسلم کمیونٹی کو آزادی اور تحفظ کا یقین دلاتا ہے، جسینڈا آرڈرن

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں انہوں نے کرائسٹ چرچ واقعے کے بعد کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب جسینڈا آرڈرن کو ٹیلی فون کیا اور کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی، وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے گفتگو میں حملے کے بعد صورتحال پر قابو پانے کے اقدامات کو سراہا اور دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم عمران خان نے مسلمانوں کے لیے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے جذبات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اقدامات نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے، پاکستان کا دہشت گردی میں 70 ہزار سے زائد جانوں کا نقصان ہوا، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان نیوزی لینڈ کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے گفتگو میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے پاکستانیوں بالخصوص نعیم راشد کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ مسلم کمیونٹی کو آزادی اور تحفظ کا یقین دلاتا ہے، نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعے پر پورا ملک صدمے میں تھا تاہم واقعے کے فوری بعد ملک میں اسلحہ پر پابندی عائد کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔