پلوامہ حملے میں ووٹ کے لیے جوانوں کو مروادیا گیا، بھارتی سیاستدان

ویب ڈیسک  جمعرات 21 مارچ 2019
پلوامہ حملے والے دن جموں اور سری نگر کے درمیان چیکنگ کا عمل نہیں کیا گیاتھا، یادیو،فوٹو: فائل

پلوامہ حملے والے دن جموں اور سری نگر کے درمیان چیکنگ کا عمل نہیں کیا گیاتھا، یادیو،فوٹو: فائل

نئی دلی: بھارت کی سماج وادی پارٹی کے جنرل سیکرٹری رام گوپال یادیو نے پلوامہ حملے کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے 50 فوجیوں کو مروایا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہولی کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے رام گوپال یادیو نے کہا کہ  دیش کی پیرا ملٹری فورسز اپنی حکومت  کے رویے پر افسردہ ہیں، ووٹ حاصل کرنے کے لیے جوانوں کو مروادیا گیا، یہ ایک سازش تھی اور نئی حکومت بننے کے بعد اس حملے کی ازسرِ نو تحقیقات کرائی جائیں گی جس میں  بڑے بڑے لوگ پھنسیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پلوامہ حملے پر مودی سرکار کا بھانڈہ خود بھارتی سیاستدانوں نے پھوڑ دیا

یادیو کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے والے دن جموں اور سری نگر کے درمیان چیکنگ کا عمل نہیں کیا گیا تھا اور جوانوں کو سادہ بسوں بھی بٹھایا گیا، یہ سوچی سمجھی سازش کا شاخسانہ ہے، جب اپوزیشن لوک سبھا کے انتخابات جیت کر حکومت بنائے گی تو سرکار کی تبدیلی کے ساتھ ہی اس حملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔