نشے میں دھت پی آئی اے پائلٹ کا پرواز برمنگھم لے جانے کا انکشاف

ویب ڈیسک  جمعرات 21 مارچ 2019
پائلٹ کو فوری طور پر معطل کرکے تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، ترجمان پی آئی اے (فوٹو : فائل)

پائلٹ کو فوری طور پر معطل کرکے تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، ترجمان پی آئی اے (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: پی آئی اے کا پائلٹ نشے کی حالت میں پرواز کو برمنگھم لے گیا جس پر پائلٹ کو معطل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کا پائلٹ نشے کی حالت میں ہی پرواز کو اسلام آباد سے برمنگھم لے گیا، جس پر اسے فوری طور پر معطل کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں۔

ترجمان پی آئی کا کہنا ہے کہ سینئر پائلٹ عمر خیام نے مبینہ طور پر شراب پی رکھی تھی اور اسی حالت میں وہ جہاز اڑا کر اسلام آباد سے برمنگھم لے گیا، پائلٹ کے نشے میں ہونے کے حوالے سے کیبن کریو نے اطلاع دی، جس پر چئیرمین پی آئی اے نے پائلٹ کو فوری طور پر معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا اور ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے سے پائلٹ کے میڈیکل چیک میں الکحل کی موجودگی کی تفصیلی رپورٹ ملنے پر مذکورہ پائلٹ کے خلاف قوانین کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی جس میں ملازمت سے برخواستگی بھی شامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔