سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر کی بی جے پی میں شمولیت

ویب ڈیسک  جمعـء 22 مارچ 2019
پاک بھارت کشیدگی کے دوران گوتم گھمبیر نے پاکستان 
کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

پاک بھارت کشیدگی کے دوران گوتم گھمبیر نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

نئی دلی: پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے سابق اوپنر بلے باز گوتم گھمبیر نے وفاقی وزراء ارون جیٹلے اور روی شنکر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ آئندہ ماہ ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات میں گوتم گھمبیر کو ٹکٹ ملنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر بھارتی اسٹار بلے باز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندرا مودی کے وژن سے متاثر ہوکر بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے اس فیصلے پر بہت خوش ہوں۔ ملک کی خدمت کے لیے بی جے پی کا پلیٹ فارم ملنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

گوتم گھمبیر سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی میں کافی آگے رہے ہیں، حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں انہوں نے اشتعال انگیز ٹویٹ کیں تھی اور بھارتی ٹیم کو پاکستان کیخلاف ورلڈ کپ میچز کے بائیکاٹ کرنے کی تجویز دی تھی۔

پاکستان کے خلاف متعصبانہ رویہ رکھنے والے گوتم گھمبیر کی اب بی جے پی میں شمولیت سے بلی تھیلے سے باہر آگئی اور ثابت ہوگیا کہ سوشل میڈیا پر سابق کرکٹر کی ساری محنت لوک سبھا کے ٹکٹ کے حصول کے لیے تھی۔ کرکٹ کیریر کے خاتمے کے بعد گوتم گھمبیر جیسے متعصب شخص کے لیے بی جے پی میں سیاسی کیریر کی گنجائش نکل ہی آنی تھی.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔