بلاول بھٹو کی زیرقیادت ٹرین مارچ 26 مارچ کو کراچی سے شروع ہوگا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 23 مارچ 2019
 حکومت مخالف ٹرین مارچ کا اختتام سر شاہنواز بھٹو ریلوے اسٹیشن پر کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ۔ فوٹو:فائل

 حکومت مخالف ٹرین مارچ کا اختتام سر شاہنواز بھٹو ریلوے اسٹیشن پر کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ۔ فوٹو:فائل

 کراچی:  حکومت مخالف ٹرین مارچ بلاول بھٹوکی قیادت میں 26 مارچ کو کراچی سے شروع ہوگا۔

حکومت کے خلاف ٹرین مارچ کا فیصلہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیرصدارت کراچی میں ہونیوالے اہم اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں ٹرین مارچ کی تیاریوں اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کیخلاف احتجاجی ٹرین مارچ کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹرین مارچ کا آغاز کراچی سے اور اختتام سرشاہنواز بھٹو ریلوے اسٹیشن پر ہوگا۔

دوسری جانب وزارت ریلوے نے بھی بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ کیلیے ٹرین کی منظوری دیدی، ٹرین مارچ 26 مارچ کو کراچی سے شروع ہوگا اور احتجاجی ٹرین 2 دن میں کراچی سے لاڑکانہ پہنچے گی، پی پی کی تمام اضلاع میں ٹرین مارچ کیلیے رہنماؤں اور کارکنان کوہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اجلاس میں 26 مارچ سے شروع ہونیوالے ٹرین مارچ، 4 اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی سمیت دیگر امور کو حتمی شکل دی گئی، اجلاس میں نیب کی جانب سے پارٹی قیادت کے خلاف جاری سیاسی انتقامی کارروائیوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں یوم پاکستان کے موقع پر جاری پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم پاکستان ہماری اس اہم ترین ذمے داری کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہمیں اپنے بانی اجداد کی پیروی کرتے ہوئے ایک ایسا جمہوری معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں امن، انصاف و انسانی حقوق کا احترام ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔