اسلام آباد میں مارے جانے والے مبینہ خودکش حملہ آور کی شناخت ہو گئی، باپ اور 2 بھائی چنیوٹ سے گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2013
مبینہ خودکش حملہ آور کا نام ذکا اللہ ہے اور وہ چنیوٹ کا رہائشی تھا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

مبینہ خودکش حملہ آور کا نام ذکا اللہ ہے اور وہ چنیوٹ کا رہائشی تھا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

چنیوٹ: اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں مارے جانے والے مبینہ خودکش حملہ آور کی شناخت کے بعد اس کے  والد اور 2 بھائیوں کو چنیوٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی سی آئی اے پولیس نے فنگر پرنٹس کی مدد سے مبینہ خودکش حملہ آور کی شناخت کی، مبینہ خودکش حملہ آوور کا نام ذکا اللہ ہے اور وہ چنیوٹ کا رہائشی تھا۔ شناخت کے بعد پولیس نے چنیوٹ کے نواحی علاقے بھوانہ کے گاؤں 239ج ب دلووالی میں کارروائی کرتے ہوئے  ذکا اللہ کے والد محمد بخش اور 2 بھائیوں سمیع اللہ اور حاکم اللہ کو بھی گرفتار کر لیا۔ گاؤں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ذکا اللہ کو گزشتہ ایک مہینے سے گاؤں میں نہیں دیکھا تھا۔

واضح رہے کہ بارہ کہو کے کیانی روڈ پر واقع ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ آور نے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی، حفاظت پر مامور افراد کی جانب سے روکنے پر اس نے فائرنگ کی جس سے دو افراد زخمی ہوگئے، اس موقع پر اس نے خودکش جیکٹ کے ذریعے دھماکے کی کوشش کی جو نہ پھٹ سکی اور جیکٹ میں آگ لگ گئی، اسی دوران سیکیورٹی پر معمور افراد نے حملہ آور پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیاتھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔