افغان طالبان نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ میں ملوث ہونے کا بھارتی الزام مسترد کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اگست 2013
افغان طالبان کا بھارتی فوجیوں کی ہلاکت سے کوئی تعلق نہیں ہے, طالبان ترجمان فوٹو: فائل

افغان طالبان کا بھارتی فوجیوں کی ہلاکت سے کوئی تعلق نہیں ہے, طالبان ترجمان فوٹو: فائل

افغان طالبان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر 5 فوجیوں کی ہلاکت میں طالبان کے ملوث ہونے کے الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان کا بھارتی فوجیوں کی ہلاکت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس حوالے سے بھارت کا الزام بے بنیاد ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جا نب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان بارہا دنیا کو یہ باور کرا چکے ہیں کہ ہمارا افغانستان سے باہر کسی بھی جنگی محاذسے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے اور ہم کسی  بھی طور پر یہ برداشت نھیں کر سکتے کہ  کوئی ہمیں نقصان پہنچائے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ دنیا اچھی طرح جانتی ہے کہ ہم افغانستان میں گزشتہ 12 سال سے غیر ملکی افواج کے خلاف بر سر یپیکار ہیں اور افغانستان سے بابر ہمارا کوئی واسطہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے اس الزام میں کوئی صداقت نہیں کہ افغان طالبان کشمیر جہاد میں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ 6 اگست کو لائن آف کنٹرول پر پ5 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارت کی جانب سے کبھی فوجیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار پاکستان اور کبھی طالبان کو ٹھہرایا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔