برج خلیفہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی تصویر سے جگمگا اُٹھا

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 مارچ 2019
دبئی کے امیر راشد المکتوم نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو : ٹویٹر

دبئی کے امیر راشد المکتوم نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو : ٹویٹر

 دبئی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر راشد المکتوم نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے امیر محمد بن راشد المکتوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں نیوزی لینڈ کی مساجد میں حملے کے بعد مسلمانوں سے غیر معمولی ہمدردی اور اظہار یکجہتی پر وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کا شکریہ ادا کیا۔

دبئی کے امیر شیخ محمد راشد المکتوم نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنے ہمدردانہ رویے اور لواحقین کی دلجوئی کر کے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات نے جسینڈا آرڈن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دبئی میں دنیا کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ کو نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی تصویر سے سجا دیا گیا، یہ منفرد اور دلکش منظر ہزاروں لوگوں نے دیکھا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں سفید فام دہشت گرد کی خود کار اسلحے سے مساجد پر حملے کے بعد وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پارلیمنٹ میں تلاوت کلام پاک کا اہتمام کیا جب کہ خطبہ جمعہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آغاز کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔