فلم انڈسٹری کی مکمل بحالی کیلیے موسیقی پر توجہ دینا ضروری ہے، زیب بنگش

قیصر افتخار  اتوار 24 مارچ 2019
ماضی کی طرح آج بھی میوزک کے شعبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،ضرورت صرف فنکاروں کو موقع دینے کی ہے، گلوکارہ۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

ماضی کی طرح آج بھی میوزک کے شعبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،ضرورت صرف فنکاروں کو موقع دینے کی ہے، گلوکارہ۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

لاہور: گلوکارہ زیب بنگش نے کہا ہے کہ پاکستان فلم میں اگر میوزک کے شعبے پر توجہ دی جائے تو اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے تاہم ہمیں بھی انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی کیلئے میوزک کے شعبے پر خاص توجہ دینا ہو گی۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے زیب بنگش کا کہنا تھا ماضی میں پاکستانی فلموں کا بہت ہی شاندار اور جاندار تھا ایک طرف گانے والے انمول تھے تو دوسری جانب میوزک بنانے والے مہان۔ غور کریں تو آج بھی میوزک کے شعبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں دکھائی دیتی لیکن ان کو بہتر پلیٹ فارم کے نہ ملنے سے بہت سا ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے ملک کے فن اور فنکار کو زیادہ سے زیادہ کام کا موقع فراہم کریں کیونکہ ماضی میں بھی استاد نصرت فتح علی خان، عابدہ پروین، مہدی حسن، ریشماں اور بہت سے دیگر گلوکاروں نے جس طرح سے اپنے فن کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا اگر آج بھی نوجوان گلوکاروں، موسیقاروں اور سازندوں کو بہتر پلیٹ فارم مہیا کیے جائیں تو ہم دوبارہ سے میوزک کی دنیا پر اپنا راج قائم کر سکتے ہیں۔

زیب بنگش نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان فلم انڈسٹری نئے مراحل طے کررہی ہے لیکن میوزک کے شعبے میں آج بھی فقدان دکھائی دیتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ فوری طور پر میوزک کے شعبے پر کام کیا جائے اور اس کی بدولت پاکستان فلم انڈسٹری کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں رسائی دی جائے۔

ایک سوال کے جواب میں زیب بنگش نے کہا کہ میں بالی ووڈ کیلئے بھی کام کر چکی ہیں اور جب بھی مجھے پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے کام کا موقع دیا جائے گا تو میں اپنی تمام تر مصروفیات ترک کرکے پہلی ترجیح پاکستانی فلم کو دونگی کیونکہ پاکستان ہی میری پہچان ہے اور پاکستان ہی میری شناخت ہے جس پر مجھے فخر ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔