اداکارہ عظمیٰ گیلانی نے کینسر کے خلاف جنگ کیسے جیتی؟

ویب ڈیسک  اتوار 24 مارچ 2019
اگر آپ بہادر بن کے لوگوں کو دکھائیں کہ آپ کو بیماری سے کوئی فرق نہیں پڑتا تو یہ جھوٹی بہادری ہے، عظمیٰ گیلانی فوٹوانٹرنیٹ

اگر آپ بہادر بن کے لوگوں کو دکھائیں کہ آپ کو بیماری سے کوئی فرق نہیں پڑتا تو یہ جھوٹی بہادری ہے، عظمیٰ گیلانی فوٹوانٹرنیٹ

کراچی: پاکستان ٹیلی ویژن اورریڈیو کی مقبول ترین اداکارہ عظمیٰ گیلانی نے کینسر جیسے موذی مرض کے خلاف جینگ کیسے جیتی اور اس دوران ان کے جذبات کیا تھے اس حوالے سے انہوں نے حال میں دئیے گئے انٹرویو کے دوران اپنےخیالات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی لازوال اداکارہ عظمیٰ گیلانی نے حال ہی میں ثمینہ پیرزادہ کے مقبول ترین آن لائن پروگرام’’اسپیک یورہارٹ‘‘ میں شرکت کی اور اپنی زندگی اوربیماری سے متعلق کھل کر باتیں کیں۔ عظمیٰ آپا نے اپنی بیماری سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی بیماری کا دور ان کی زندگی کا سیاہ ترین دورتھا، انہوں نے کہا کچھ لوگ بیماری اور پریشانیوں میں بہادر بنتے ہیں اور تکلیف میں ہونے کے باوجود جتاتے ہیں کہ انہیں بیماری سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ان کے نزدیک یہ جھوٹی بہادری ہے۔

عظمیٰ آپا نے کہا اگر انسان کو کوئی بیماری ہے یا وہ کسی تکلیف میں ہے تو اسے اس کا اظہار کرنا چاہئے نہ کہ اپنی تکلیف کو جھوٹی ہنسی کے پیچھے چھپالینا چاہئے۔ انہوں نے کہا میں بھی ایسی ہی تھی کسی پر اپنی تکلیف ظاہر نہیں ہونے دیتی تھی لیکن بعد میں احساس ہوا کہ میں نے اپنے ساتھ بہت زیادتی کی۔  خدا نے آپ کو جو جذبات دئیے ہیں چاہے وہ غم کے ہوں یا خوشی کے آپ کو ان کا اظہار ضرور کرناچاہئے۔

عظمیٰ آپا نے کہا بیماری کے دوران ان کی بہنوں اور گھر والوں نےانہیں بہت سپورٹ کیا لیکن جو کچھ ایک بیمار پر گزر رہی ہوتی ہے وہ کسی اور پر نہیں گزرتی لہٰذا اندر سے تکلیف میں ہوتے ہوئے اوپر سے ایسا ظاہر کرنا کہ جیسے کچھ ہوا نہیں، یہ چیزانسان کو توڑ پھوڑ کر رکھ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا وہ پہلے بہت مضبوط خاتون تھیں تاہم بیماری سے لڑتے لڑتے کمزور ہوگئیں جس کے باعث ان کی  شخصیت میں بہت تبدیلی آئی اور آج تک اس کے اثرات ان کی شخصیت پر ہیں۔

دوران انٹرویو انہوں نے نہ صرف اپنی بیماری سے متعلق اپنے دل کا حال بتایا بلکہ اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بھی کئی باتیں شیئرکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے شریک حیات میاں عنایت اور ان کی عمر میں بہت زیادہ فرق تھا، لہٰذا ہمیشہ ان دونوں کے درمیان محبت کے بجائے عزت کا رشتہ قائم رہا تاہم وہ بہت اچھے شوہر تھے جنہوں نے انہیں شوبز میں کام کرنے کی اجازت دی۔

واضح رہے کہ عظمیٰ گیلانی پاکستان شوبز انڈسٹری کا بہت بڑانام ہیں، پاکستان میں اردو ڈرامے کی تاریخ عظمیٰ گیلانی کے نام اور کام کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔ ڈراما سیریل ’’قلعہ کہانی‘‘سے فنی کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ عظمیٰ گیلانی کو اشفاق احمد کے مقبول ڈراما سیریز ’’ایک محبت سو افسانے‘‘کے کھیل ’’نردبان عرفان‘‘میں بہترین اداکاری پرایوارڈ سے نوازاگیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے امجد اسلام امجد کے مقبول ڈرامے ’’وارث‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ آج کل عظمی گیلانی نجی چینل کے ڈرامے ’’کیسا یہ نصیباں‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظرآرہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔