دنیا کی معمر ترین موبائل ایپ ڈیولپر سے ملیں

ویب ڈیسک  اتوار 24 مارچ 2019
جاپانی خاتون نے پہلی موبائل ایپ 81 سال کی عمر میں بنائی۔ فوٹو : جاپان ٹائمز

جاپانی خاتون نے پہلی موبائل ایپ 81 سال کی عمر میں بنائی۔ فوٹو : جاپان ٹائمز

ٹوکیو: دنیا میں موبائل ایپس بنانے والی معمر ترین خاتون جاپان کی 83 سالہ مساکو واکامیا ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مساکو واکامیا نے 2017 میں اپنی پہلی موبائل ایپ بنا کر سب کو حیران کردیا تھا، تاہم یہ ایک گیم ایپ تھی جو معمر افراد بآسانی کھیل سکتے تھے اور یہ پیچیدہ نہ تھی۔

اس ایپ کی کامیابی کے بعد جاپانی بزرگ خاتون نے پیچیدہ ایپ بنانے کی ٹھانی اور انٹرنیٹ پر ہی ماہرین سے ایپ ڈیولپنگ سیکھی۔ جس کے بعد معمر افراد کو بیماری سے آگاہی، ذیابیطس و بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ایک میڈیکل ایپ کی تیاری میں مصروف ہیں۔

مسکاکو کا سب سے بڑا چیلینج ’انگریزی‘ تھی، ایپ کی تیاری میں انہیں قدم قدم پر انگریزی زبان سے واسطہ پڑتا جب کہ وہ جاپانی زبان ہی سمجھتی تھیں اور یہ معاملہ تقریباً ان کی عمر کے تمام فرد کا ہی تھا۔ اب انہیں باقاعدہ کمپیوٹر پروگرامر تسلیم کرلیا گیا ہے۔

مساکو نے ایپ بنانے کے لیے درکار انگریزی سیکھی اور جاپانی زبان میں ایپ بنائیں۔ انہوں نے اپنا پہلا کمپیوٹر اس وقت خریدا جب وہ 60 سال کی تھیں اور اسی برس انہوں نے اپنے گاؤں میں ہم عصروں کو کمپیوٹر سکھانے کے لیے گھر میں ایک انسٹیٹیوٹ بھی کھولا۔

جاپانی خاتون اب دنیا بھر کا سفر کرتی ہیں اور اپنی کامیابی سے دنیا کو آگاہ کرتی ہیں۔ وہ معمر افراد کے لیے ہمت و خدمت کا استعارہ بن گئی ہیں اور دنیا کو ایک گاؤں سمجھتے ہوئے سب کو اپنے خاندان کا رکن سمجھتی ہیں۔ اس طرح ان کی تنہائی ختم ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔